عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//’پوشن بھی پڑھائی بھی‘ کے تحت تربیتی پروگرام کا افتتاح ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل نے چوہدری وزیر محمد ہکلہ گورنمنٹ گجر بکروال ہاسٹل میں کیا ۔’پوشن بھی پڑھائی بھی ‘پروگرام وزارت برائے خواتین چائلڈ ڈیولپمنٹ ایم ڈبلیو سی ڈی نے 10 مئی 2023 کو شروع کیا تھا جس کا مقصد غذائیت پر توجہ دینے کے ساتھ آنگن واڑی مراکز میں غیر رسمی پری اسکولنگ کو بہتر بنانا تھا۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار پبلک کوآپریشن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ (این آئی پی سی سی ڈی) کو ملک بھر کے تمام آنگن واڑی مراکز میں تربیت کے انعقاد کا کام سونپا گیا ہے۔مہمان خصوصی ضلع ترقیاتی کمشنر وکاس کنڈل نے کہا کہ آنگن واڑی مراکز 3-6 سال کی عمر کے بچوں کی جسمانی، جذباتی، سماجی، ثقافتی اور فنی نشوونما میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ پوشن خون کی کمی اور غذائی قلت کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے تربیت حاصل کرنے والوں سے کہا کہ وہ تربیت میں باقاعدگی سے شرکت کریں تاکہ تربیت کے بعد آپ بہتر طریقے سے خدمات فراہم کر سکیں۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر آئی سی ڈی ایس خالد وفا نے ٹریننگ کے مقصد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈسٹرکٹ نوڈل آفیسر ٹریننگ بینظیر بھٹی اور ماسٹر ٹرینر گرمیت کور نے بھی ٹریننگ کے ماڈیول کے بارے میں بات کی۔