سرینگر/پولیس اہلکاروں نے سنیچر کو ترال کے پنگلش نامی گائوں میں چار خواتین کو مبینہ طور اُن کے گھر میں ماراپیٹا۔
عینی شاہدین کے مطابق آج بعد دوپہر پولیس کی ایک پارٹی علی محمد راتھر ساکنہ پمپوش کالونی پنگلش کے گھر میں داخل ہوئی اور وہاں موجود اُن کی اہلیہ،دختر اور دیگر دو خواتین کی مارپیٹ کی۔
یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب جنگجو کمانڈر ذاکر موسیٰ کی ہلاکت کے پس منظر میں گائوں کی مسجد کے لائوڈ سپیکرسے مذہبی ترانے بجائے جارہے تھے۔
علی محمد نے الزام عاید کرتے ہوئے کہا'' میں گھر میں ہی تھا جب پولیس کی ایک پارٹی نے گھس کر میری اہلیہ اور دختر سمیت چار خواتین کی مار پیٹ کی۔میں نے اُنہیں روکنے کی کوشش کی لیکن اُنہوں نے ایک نہ سنی اور مجھے بھی مارا پیٹا''۔
مذکورہ چاروں خواتین کو سب ڈسٹرکٹ اسپتال ترال پہنچایا گیا ہے جہاں اُن کا علاج جاری ہے۔