عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر اسمبلی کا خزاں اجلاس جمعرات کو ایوان نے حال ہی میں انتقال کر جانے والے رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ شروع کیا۔سپیکرعبدالرحیم راتھر نے کہا کہ اسمبلی کے تیسرے اور چوتھے اجلاس کے درمیان کئی ارکان اور قائدین کا انتقال ہوگیا، اور ایوان انہیں خراج عقیدت پیش کرے گا۔مرحوم قائدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ا سپیکر نے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ متعدد اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے دونوں اجلاسوں کے درمیان انتقال کر جانے والے کسی بھی سابق ا رکان اسمبلی کے بارے میں معلومات کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔انہوں نے اس بات پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا کہ کپواڑہ کے ڈپٹی کمشنر نے یہ کہہ کر درخواست کا جواب دیا کہ ایسی کوئی موت نہیں ہوئی ہے، حالانکہ کپوارہ ضلع کے حلقہ انتخاب لنگیٹ کے سابق ممبراسمبلی محمدسلطان پنڈت پوری کا مئی میں انتقال ہو گیا تھا۔ اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ ضلعی انتظامیہ پنڈت پوری کے انتقال کے بارے میں اسمبلی سیکرٹریٹ کو مطلع کرنے میں ناکام رہی،اسپیکر نے کہاکہ یہ ایک غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مقامی حکام کی جانب سے بروقت اطلاع سرکاری کارروائی کے لیے بہت ضروری ہے۔اس کوتاہی نے کئی قانون سازوں کی توجہ مبذول کرائی، جنہوں نے کپواڑہ انتظامیہ کی کوتاہی پر اسپیکر کے خدشات کی حمایت کی۔