سرینگر//انتخابی سرگرمیوں کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے سابق پنچوں و سر پنچوں نے کہا کہ وہ دو پاٹوں کے بیچ پس رہے ہیں اور آسان ہدف ہونے کے ناطے انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ وادی میں2پارلیمانی نشستوں کے ضمنی انتخابات کے اعلان اور حال ہی میں کاکہ پورہ میں ایک سابق سرپنچ کی ہلاکت کے بعد جموں کشمیر پنچایت کانفرنس نے واضح کیا کہ وہ انتخابی سرگرمیوں سے دور رہیں گے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پنچایت کانفرنس کے سربراہ شفیق میر نے کہا کہ پنچایتی ادارہ کوئی سیاسی ادارہ نہیں ہے بلکہ ایک سماجی ادارہ ہے۔انہوں نے سیاسی جماعتوں پر پنچوں اور سرپنچوں کا استحصال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بلی کا بکرا بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنچوں اور سرپنچوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ انتخابی سرگرمیوں سے اپنا دامن بچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ لیا ہے کہ انتخابی سرگرمیوں سے دور رہیں گے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ پنچوں اور سرپنچوں پر خوامخواہ یہ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ سیاسی جماعتوں سے وابستہ ہے اور کسی کے ایجنٹ ہے جبکہ انہوں نے واضح کیا کہ پنچ و سرپنچ عوام کے نمائندے ہیں،جو تعمیر و ترقی کیلئے نمائندگی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ5برسوں میں15کے قریب پنچوں اور سرپنچوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔