پنچایتی انتخابات کیلئے ابھی سے کمربستہ ہوجائیں: فاروق عبداللہ | نیشنل کانفرنس اپنے منشور پر کھرا اترے گی

Towseef
3 Min Read

عظمیٰ نیوز سروس

جموں// جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم اور عوام کے بے پناہ اتحاد، بھروسہ اور بھر پور اشتراک سے نیشنل کانفرنس کو جو شاندار جیت اسمبلی چنائو میں ملی اس کے پیش نظر عوامی نمائندوں کو سخت سے سخت محنت کرنے کی میری تاکید ہے کیونکہ محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے اور اس پیش نظر لوگوں کے مطالبے ہمارے سامنے اُن کو پورا کرنا ہمارا منشور اور وعدہ ہے۔ ان باتوں کا اظہار ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بنی، بسولی اور بلاور کے پارٹی سے وابستہ پارٹی عہدیداروں اپنی رہائش گاہ پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ریاستی عوامی جموںو کشمیر اور لداخ کے لوگوں نے گذشتہ 10سالوں کے دوران جو ناقابل برداشت مصائب اور مشکلات جھیلے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ بے روزگاری، گرفتاریاں، دھونس و دبائو اور مظالم کا سامنا کیا ہے، وہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔ انہوں نے اُمیدوار ظاہر کی کہ عمر عبداللہ کی سربراہ اُن عوامی مشکلات کو حل کرنے کیلئے حل نکالے گی۔ وفد نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو کہا گذشتہ10برسوں کید وران ریاست اقتصادی اور معاشی حالات بد سے بدتر ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ بے گناہ ملازمین کو برخواست کیا گیا۔ بے روزگاری عروج پر پہنچ گئی۔ تعمیر و ترقی کا نام کہیں نہیں البتہ لوٹ کھسوٹ اور رشوت کا بازار گرم رکھا گیا۔ بیرونی افسر شاہی نے جموں وکشمیر کو تبادہی اور بربادی کے دہانے پر لاکھڑا کیا اس لئے لوگوں نے متحدہ ہوکر 5 اگست 2019 کے فیصلوں کیخلاف آواز اُٹھائی اور شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کی عوامی نمائندہ جماعت کو ووٹ ڈالا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وفد سے تاکید کہ کہ وہ آج سے ہی آنے والے پنچایتی انتخابات اور بلدیاتی انتخابات کیلئے کمربستہ ہوجائیں اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو آگے آنے کا موقعہ دیا جائے تاکہ وہ لوگوں کی صحیح معنوں میں خدمت کرسکیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ پنچایت راج جمہوریت کی جڑ اور ہر گائوں کی اپنی حکومت ہوتی ہے جن کے پاس وافر مقدار میں سرکاری رقومات رہتی ہے تاکہ وہ لوگوں کی مشکلات اور مسائل حل کریں اور لوگوں کے مفاد میں تعمیر و ترقی کے کام کرسکیں۔ اس سے قبل ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی ہیڈکوارٹر اور اپنی رہائش گاہ پر تمام پارٹی اکائیوں کو پنچایتی الیکشنوں کیلئے تیار رہنے کی اپیل کی۔

Share This Article