سرینگر// ریاست میں تیسرے مرحلے پر 24نومبر کو منعقد ہونے والے پنچایتی انتخابات کیلئے نوٹیفکیشن جاری کی گئی،جس کے تحت وادی کے14بلاکوں سمیت مجموعی طور پر43بلاکوں میں انتخابات ہونگے۔ چیف الیکٹورل افسر شالین کابرا نے پیر کو نوٹیفکیشن جاری کی، جس کے تحت5نومبر کو کاغذات نامزدگی داخل کرنیکی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے، جبکہ6نومبر کو کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق8نومبر کو کاغذات واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی، 24نومبر کو ان بلاکوں میں انتخابات ہونگے۔ وادی میں تیسرے مرحلے میں شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ،بانڈی پورہ، بارہمولہ اور وسطی کشمیر کے گاندربل، بڈگام اور جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام اور شوپیاں کے 14بلاکوں میں انتخابات ہونگے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لداخ کے ضلع کرگل اور لہہ کے10حلقوں کے علاوہ اس روز جموں خطے کے19بلاکوں میں بھی انتخاب ہوگا۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق کپوارہ کے کرالہ پورہ ملیال،چوکی بل اور ہندوارہ کے علاوہ بانڈی پورہ کے سمبل اور بارہمولہ کے روہامہ کے علاوہ بڈگام کے سویہ بگ،سرسیار اور گاندربل میں اس روز انتخاب ہوگا۔ان ذرائع کے مطابق اسی روز جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے دمحال ہانجی پورہ،دنیو کنڈی مرگ اور منزگام کے علاوہ شوپیاں کے کیلر بلاکوں میں پنچایتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ تیسرے مرحلے میں کرگل کے5بلاکوں کے علاوہ لہہ کے بھی5بلاکوں میں ووٹنگ ہوگی۔الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کی گئی نوٹیفکیشن کے مطابق24نومبر کو خطہ چناب کے ضلع کشتواڑ میں4جبکہ ڈوڈہ میں2اور رام بن کے2 بلاکوں میں ووٹنگ ہوگئی۔ خطہ پیر پنچال کے ضلع راجوری کے2اور ضلع پونچھ کے2بلاکوں میں بھی اسی روز پنچایتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ووٹ ڈالے جائے گے۔24نومبر کو ضلع کھٹوعہ کے4اور ادھمپور کے2 بلاکوں میں بھی رائے دہندگان اپنے ووٹ کا حق حاصل کریں گے۔ریاست میں مجموعی طور پر9مرحلوں میں پنچایتی انتخابات منعقد ہونے جو11دسمبر کو اختتام پذیر ہونگے۔پہلے اور دوسرے مرحلے میں منعقد ہونے والے پنچایتی انتخابات کیلئے بالترتیب23اور26اکتوبر کو پہلے ہی نوٹیفکیشن جاری ہوئیں ہے۔پہلے مرحلے میں47بلاکوں جبکہ دوسرے مرحلے میں50بلاکوں میں پنچایتی انتخابات ہونگے۔وادی بشمول لداخ میں مجموعی طور پر168بلاک ہیں،جہاں2375پنچایتی حلقوں میں18ہزار833پنچوں کی نشستوں کیلئے29لاکھ91ہزار128رائے دہندگان موجود ہیں،جبکہ جموں صوبے میں148بلاکوں میں2108پنچایتی حلقوں میں16ہزار196پنچوں کی نشستوں کیلئے28لاکھ63ہزار80رائے دہندگان موجود ہیں۔