سرینگر// صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے وادی بھر میں کھیل کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام پنچایتوں کو کھیل سہولیات سے لیس کریں اور ان پنچایتوں میں کھیل کے میدانوں کو بڑھاواد ینے کے ساتھ ساتھ وہاں کھیلوں کا سازو سامان مہیا رکھیں۔انہوں نے ضلع سپورٹس ٹاسک فورس کمیٹیاں بھی تشکیل دیں جن کی قیادت ڈپٹی کمشنر کریں گے جبکہ محکمہ تعلیم ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، سپورٹس کونسل ، دیہی ترقی ، پولیس ، سی آر پی ایف ، بی ایس ایف ، فوج اور ضلع کی معروف کھیل شخصیات اس کے ارکان ہوں گے۔یہ کمیٹیاں سپورٹس سیزن کے لئے ایکشن پلان تیار کریں گی اور اپنے اپنے اضلاع میں نظر گزر رکھیں گی ۔ڈویژنل کمشنر نے یہ ہدایات آج جنوبی کشمیر کے اضلاع میں نوجوانوں کو مثبت طور پر کھیل سرگرمیوں میں شامل کرنے کے عمل کا جائزہ لینے کی غرض سے منعقد ہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے دیں۔ انہوں نے ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ پنچایتی علاقوں میں کاہچرائی اور سرکاری اراضی کی نشاندہی کریں تاکہ وہاں کھیل کے میدان تعمیر کئے جاسکیں۔محکمہ تعلیم کو ہدایت دی گئی کہ وہ مزید سپر ففٹی کوچنگ مراکز قائم کریں تاکہ وادی میں زیادہ سے زیادہ غریب اور ضرورت مند طلاب فائدہ حاصل کرسکیں۔انہوں نے ترقیاتی کمشنروں سے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو غیر نصابی سرگرمیوں میں شامل کریں جن میں مصوری ، فوٹو گرافی ،گائیگی ، سمینار ، مباحثے ، تعلیمی دورے ، بیداری پروگرام ، رضاکارانہ خدمات اور دیگر امور شامل ہیں۔ترقیاتی کمشنروں سے کہا گیا ہے کہ وہ نوجوانوں کی بہبودی سے متعلق منصوبے 15دنوں کے اندر اندر ڈویژنل کمشنرکے دفتر بھیج دیں ۔ انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ باہمی تال میل کے ساتھ کام کرکے مثبت طور پر سرگرمیوں میں شامل کریں۔ایڈیشنل کمشنر کشمیر تصدق حسین میر ، ڈی سی سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال ، ناظم تعلیم محمد یونس ملک ، جے ڈی یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس اور کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے جبکہ جنوبی کشمیر کے مختلف اضلاع کے ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسگ کے ذریعے شرکت کی۔