کپواڑہ// دیہی ترقی اور پنچائتی راج کے وزیر عبدالحق نے کہا ہے کہ حکومت نے نان پارٹی بنیادوں پر پنچائتی انتخابات منعقد کرانے کا فیصلہ لیا ہے۔کپواڑہ ضلع کے لولاب علاقے میں ایک عوامی دربار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت نے اگلے مہینے پنچائتی انتخابات منعقد کرانے کا فیصلہ لیا ہے اور اس سلسلے میں تمام انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات ماضی کے بریقے پر نان پارٹی بنیادوں پر منعقد کئے جائیں گے۔وزیر موصوف نے کہا کہ پنچائتی انتخابات لوگوں کو ان کی دہلیز پر جمہوری طریقے پر سہولیات فراہم کرے گا اور لوگوں کو اُن کے فیصلے خود لینے کا اختیار دے سکتا ہے تا کہ دیہات میں ترقیاتی عمل چلایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پنچائت ایک چھوٹا پارلیمنٹ ہوتا ہے۔عبدالحق نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پنچائتی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔اس سے قبل وزیر نے عوامی دربار کے دوران لوگوں سے بات چیت کی اور انہیں درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ وزیر نے کئی معاملات میں موقعہ پر ہی لوگوں کے مسائل کے حل کے سلسلے میں ہدایات جاری کیں۔