جموں// ریاست میں سیاسی واقتصادی صورت حال پرغورکرنے کی غرض سے پُنن کشمیر کی جانب سے پریس کانفرنس کاانعقاد کیاگیا جس میں صدر پنن کشمیر اشونی کمار چرنگو ،پروفیسر ایم ایل رینہ، چیئرمین سیاسی امورسے متعلق کمیٹی اورقومی ترجمان پی کے وریندررینہ نے خیالات کااظہارکیا۔ اس موقعہ پر اشونی کمار چرنگونے ریاست میں دہشت گردی کوختم کرنے اورعام لوگوں کے جان ومال کے تحفظ کویقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت پرزوردیا۔ انہوں نے کہاکہ وادی میں دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے فوج، نیم فوجی دستے اورجموں وکشمیرپولیس قابل سراہنا کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ این آئی اے کے چھاپے درست سمت میں ایک قدم ہے۔چرنگونے کشمیرکے سات لاکھ ہندوئوں کے لئے ہوم لینڈ کامطالبہ کیا۔ پروفیسر نے کہاکہ اب مناسب وقت آگیاہے کہ بھارت سرکار دفعہ 370 کوختم کرنے کے معاملے پرسنجیدگی سے غورکرے۔