سرینگر// سپریم کورٹ اور ریاستی عدالت عالیہ کے حکم کی تعمیل میں ریاستی حکومت نے بالآخر جموں وکشمیر اندسٹریز لمیٹڈ اور جموں وکشمیر ہینڈی کرافٹس کارپوریشن کے ملازمین کو ریاست میں لاگو سرکاری سروس رولز کی رو سے بعد از ریٹائرمنٹ پنشن مراعات سے مستفید کرنے کیلئے منظوری دی ہے ساتھ ہی اس فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے 4وزراء پر مشتمل ایک وزارتی گروپ تشکیل دیا ہے ۔محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری آرڈر زیر نمبر 1079-GAD OF 2017 بتاریخ 21 اگست 2017 میں کہا گیا ہے کہ وزارتی گروپ کی تشکیل کیلئے منظوری دی جارہی ہے جو جے کے انڈسٹریز لمیٹڈ اور جے کے ہینڈی کرافٹس کارپوریشن کے ملازمین کے حق میں بعد از ریٹائرمنٹ پینشن مراعات کی واگذاری کیلئے فندز کی واگذاری کے حوالے سے متعینہ مدت کے دوران سفارشات پیش کرے گی ۔نئے تشکیل شدہ وزارتی گروپ میں وزیر صنعت و تجارت کنونیرہونگے جبکہ وزیردیہی ترقی و پنچایتی راج و قانون و انساف ،وزیر خزانہ ،مزدور و روزگار اور وزیر کواپریٹیو وامورلداخ بطور ممبر ان شامل ہونگے ۔واضح رہے کہ اپریل 2017میں محکمہ فائنانس نے ایک حکمنامے کے ذریعے پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ڈیلی ویجروں کو پینشن کے زمرے میں لانے کا فیصلہ صادر کیا جبکہ دیگر کارپوریشنوں اور پبلک انڈٹیکنگز کے ملازمین و ڈیلی ویجروں کے بارے میں خاموشی برتی گئی ۔اس فیصلے کے خلاف جے کے اندسٹریز لمیٹڈ اور جے کے ہینڈی کرافٹس کارپوریشن کے ملازمین نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا جہاں سے ان کے حق میں فیصلہ صادر ہوا جبکہ اس بارے میں سپریم کورٹ سے بھی رکوع کیا گیا ۔سپریم کورٹ نے بھی کئی سماعتوں کے بعد ان دونوں کارپوریشنوں کے ملازمین کو پینشن مراعات میں شامل کرنے کا فیصلہ صادر کیا ۔چنانچہ ریاستی کابینہ نے اس حوالے سے 9اگست کو ہوئی میٹنگ میں وزارتی گروپ کی تشکیل کا فیصلہ لیا جس کے بعد اب جنرل ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے 4رکنی وزارتی گروپ کی باضابط تشکیل عمل میں لائی گئی ۔جے کے انڈسٹریز اور ہینڈی کرافتس کارپوریشن کے ملازمین نے نو تشکیل شدہ وزارتی گروپ سے استدعا کی ہے کہ وہ وقت بند طریقے سے اپنی سفارشات پیش کریں تاکہ ملازمین کو مزید انتظار نہ کرنا پڑے اور ان کے جائز حقوق کی پاسداری ہوسکے ۔