عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر کے سیلاب/ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی روک تھام اور پانی کے معیار کی جانچ کو تیز کرنے کے لیے 15 روزہ ایک جامع مہم پیر کو اختتام پذیر ہوئی۔یہ مہم 4 ستمبر 2025 کو شروع کی گئی تھی تاکہ یوٹی کے کئی اضلاع میں تباہ کن سیلاب کے بعد پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔ یہ مہم پانی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کو بحال کرنے اور شہریوں کو خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے میں جل شکتی محکمہ کے جل جیون مشن کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈویژنز کے ضلعی اور سب ڈویژنل لیبارٹری کے عملے کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں پانی کے معیار کی گہری جانچ کی گئی۔ بنیادی توجہ ہر متاثرہ گائوں میں کم از کم تین ٹیسٹوں کے ساتھ ماخذ اور صارف دونوں سطحوں پر آلودگی (اگر کوئی ہے)کی جانچ کرنا تھی۔مقامی کمیونٹیز اور لائن ڈیپارٹمنٹس جیسے صحت، تعلیم اور محکمہ دہی ترقی نے سکولوں، آنگن واڑی مراکز اور صحت کے اداروں میں پانی کے نمونوں کی جانچ میں اہم کردار ادا کیا۔ سکولوں اور آنگن واڑی مراکزمیں آن سپاٹ ٹیسٹنگ کی گئی اور بچوں کو اس حوالے سے آگاہی کے لیے آگاہی کیمپ لگائے گئے۔ 6,486سکولوں اور 1,940آنگن واڑی سینٹرز میں عام دھونے کے طریقوں کے بارے میں بیداری پھیلانے کے لیے سرگرمیاں منعقد کی گئیں، اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں 5,945 آگن واڑی سینٹرزکا احاطہ کیا گیا، 2,563 مراکز پانی کی حفاظت سے متعلق سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔اس مہم نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے، تباہ شدہ سکیموں کو بحال کرنے اور سیلاب زدہ علاقوں میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کو روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ مہم کے دوران 2,645 دیہاتوں میں 20,493 پانی کے معیار کی جانچ کی گئی ۔ سیلاب/ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں 8,127 ٹیسٹ کیے گئے ہیں، اور 2,205 واٹر سپلائی سکیموں کو بحال کیا گیا ۔رسائی کو تیز کرنے کے لیے، آکاشوانی سٹیشنوں سمیت تمام 11 ایف ایم سٹیشنوں پر آڈیو سپاٹس/جِنگلز نشر کیے گئے، جو کہ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں نشر کیے گئے بیداری کے پیغامات کے 880 رائونڈ تھے۔44 اعلانیہ گاڑیاں لگائی گئیں، اور متاثرہ اضلاع کے 2,255 دیہاتوں میں بیداری کی سرگرمیاں چلائی گئیں۔