شوپیان+ ترال+گاندربل//شوپیاں کے مضافات میں فوج کی گاڑی پر پتھرائو کرنے کے دوران ہوائی فائرنگ کی گئی ۔فوج کی62راشٹریہ رائفلز اہلکاربدھ کو معمول کی گشت پر جارہے تھے۔ جونہی فوج کی گشتی پارٹی پنجورہ پہنچی تو یہاں پہلے سے موجود نوجوانوں کے ایک ہجوم نے انکی کیسپر گاڑی پتھرائو کیا جس کے ساتھ ہی فوج گاڑیوں سے نیچے اتری اور انہوں نے مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے ان کا پیچھا کیا۔فوج کی جانب سے تعاقب کے دوران نوجوانوں نے آزادی واسلام کے حق میں نعرے بلند کئے اور پتھراؤ میں شدت لائی جس کے جواب میں فوج کو گولیوں کے کہی راونڈ فائر کرنے پڑے۔پتھرائو اور فوج کی جانب سے ہوائی فائرنگ نے پورے علاقے میں سنسنی پھیلادی۔ادھرستورہ ترال اور گاندربل کا کل کریک ڈائون کر کے تلاشیاں لی گئیں۔ستورہ کے جنگلات کو فورسز نے بدھ بعد دوپہرمحاصرہ کیا جہاں شام دیر گئے تک تلاشی کارروائی جاری تھی۔فوج ،سی آر پی ایف اور ایس او جی نے مل کر دن کے دو بجے محاصرے میں لے کر متعدد مقامات پر تلاشی لی ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ شام دیر گئے تک جنگلات کا محاصرہ اور تلاشی کارروائی جاری تھی۔ادھردریند گاندربل کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشیاں لی گئیں۔دوپہر بعد گاندربل سے ملحقہ علاقہ دریند کے میر محلہ کا 5 راشٹریہ رائفلز اور ایس او جی گاندربل اور کنگن نے محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشیاں لیں تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔