عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امور صارفین، ٹرانسپورٹ، آئی ٹی اور اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے پنجاب میں مویشی میلے کے کچھ ٹھیکیداروں کی طرف سے جموں و کشمیر کے مویشی تاجروں کومسلسل ہراساں کئے جانے اور رُکاوٹوں کا سامنا کرنے کی رِپورٹوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے۔وزیر موصوف آل کشمیر ہول سیل مٹن ڈیلرز یونین کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے انہیں بتایا کہ نجی ٹھیکیداراپنی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے جموں و کشمیر جانے والی مویشیوں سے لدی گاڑیوں کو زبردستی روکتے ہیں۔وفد نے وزیر ستیش شرما کو آگاہ کیا کہ ان کارروائیوں سے نہ صرف تاخیر اور مالی نقصان ہوتا ہے بلکہ مویشیوں کی فلاح و بہبود کو بھی خطرہ لاحق ہوتا ہے کیوں کہ انہیں طویل سفر کے دوران مناسب ہوا، خوراک یا پانی کے بغیر رکھا جاتا ہے۔ یہ اقدامات قانونی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی اور اِقتصادی لحاظ سے بھی سنگین مسائل پیدا کرتے ہیں۔ستیش شرما نے اس معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کے تجارتی کمیونٹی کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے پُرعزم ہے۔انہوں نے کہا’’ہم اِس معاملے کو اعلیٰ سطح پر اُٹھائیں گے تاکہ فوری اَزالے کو یقینی بنایا جا سکے‘‘۔وزیر نے مزید یقین دِلایا کہ یہ معاملہ پنجاب حکومت کے ساتھ باضابطہ طور پر اُٹھایا جائے گا اور محکمہ ٹرانسپورٹ سمیت متعلقہ حکام کو ہدایت دی جائے گی کہ وہ پنجاب کے اَپنے ہم منصبوں سے قریبی رابطہ رکھیں تاکہ جموں و کشمیر سے مویشیوں کی ٹرانسپورٹیشن بغیر کسی رُکاوٹ اور قانون کے مطابق ممکن ہو سکے۔