سرینگر//پنجاب کے موگا ضلع میں کانگریس اور اکالی کارکنان کے مابین تصادم آرائی کے دوران دو افراد ہلاک جبکہ کئی دیگر زخمی ہوگئے۔یہ واقعہ ریاست میں بلدیاتی انتخابات کی مہم کے دوران گذشتہ رات پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق موگا ضلع کے وارڈ نمبر 9میںدونوں پارٹیوں کے کارکنان آمنے سامنے آکر گتھم گتھا ہوگئے۔
اکالی کارکنان نے الزام عاید کیا ہے کہ کانگرس کارکنان نے اُنہیں گاڑیوں کی زد میں لایا۔
اس آپسی مذ بھیڑ میں ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے نے لدھیانہ کے اسپتال میں دم توڑ دیا۔
اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔اس کیس میں کانگریس کی ایک خاتون اُمیدوار کے شوہر نریندر پال سنگھ سدھو اور دوسرے چھ افرادکو ملزم بنایا گیا ہے۔سدھو کو تین مزید افراد کے ہمراہ گرفتار کیا گیا ہے اور دو گاڑیوں کو بھی ضبط کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں109میونسپل کونسل سیٹوں اور نگر پنچایتوں کے انتخابات14فروری کو طے ہیں۔