عظمیٰ نیوز سروس
امرتسر//پنجاب میں موسلادھار بارش کے ایلرٹ کے پیش نظرا سکولوں میں چار دن کی چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلی بھگونت مان نے26 اگست کو کہا کہ ریاست میں تمام پرائمری، سیکنڈری، سینئر سیکنڈری سرکاری اور نجی اسکول 27 اگست سے 30 اگست تک بند رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’’گزشتہ چند دنوں سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے اور محکمہ موسمیات نے مزید چند دنوں تک موسلادھار بارش کی پیشن گوئی کی ہے‘‘۔پنجاب میں شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے ریلوے نے نئی دہلی۔کٹرا وندے ہندوستان سمیت 18 ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں۔ ایک افسر نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔منسوخ کی گئی دیگر ٹرینوں میں کٹرا۔سوبیدارگنج ایکسپریس، ادھمپور۔پٹھانکوٹ ایکسپریس، کٹرا۔نئی دہلی ایکسپریس، جموں توی۔وارانسی ایکسپریس، کٹرا۔رشیکیش ایکسپریس اور کالکا۔کٹرا ایکسپریس بھی شامل
ہیں۔امبالہ منڈل کے سینئر کمرشل مینیجر نوین کمار جھا نے بتایا کہ پنجاب کی چکّی ندی میں مٹی کے کٹاؤ کے باعث ڈاؤن لائن متاثر ہوئی ہے۔جھا نے کہا کہ پٹھانکوٹ سے کندروڑی (ہماچل پردیش) تک پٹریاں تباہ ہو گئی ہیں اور ان ٹرینوں کی منسوخی سے سب سے زیادہ اثر جموں روٹ پر پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹرینیں اگلے حکم تک منسوخ رہیں گی اور ریزرویشن کرانے والے مسافروں کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کیا جائے گا۔جھا نے بتایا کہ ریلوے تمام مسافروں کو ٹکٹ کی پوری رقم واپس کرے گا۔