جموں//ریاستی مخلوط حکومت پرجموں کی عوام کی توقعات پوراکرنے کاالزام عائدکرتے ہوئے جموں کشمیرنیشنل پنتھرس پارٹی کی جانب سے ’پنتھرس ہنکارریلی ‘کاانعقاد کیاگیا جس میں پارٹی کے سینکڑوں کارکنان نے حصہ لیااورجموں شہرکے مختلف چوراہوں میں نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت کیخلاف ناراضگی کااظہارکیا۔اس دوران ریلی کی قیادت پنتھرس پارٹی کے چیئرمین ہر ش دیوسنگھ کررہے تھے۔اس ریلی میں یش پال کنڈل ریاستی صدر ینگ پنتھرس بھی شامل تھے۔ریلی سمادھیاں روڈسے شروع ہوئی جو پریس کلب ،ڈوگرہ چوک، جیول چوک، سائنس کالج،کنال روڈ، تالاب تلو،بخشی نگر،ریہاڑی کالونی ، سبھاش نگر، توپ شیرخانیاں، پٹولی ،پلورہ، چوک،رام لیلاگرائونڈ، جگی دربار،نیوپلاٹ سے ہوتے ہوئے گاندھی نگرپنتھرس پارتی دفترپہنچ کراختتام پذیرہوئی۔اس دوران ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ہرش دیوسنگھ نے کہاکہ بی جے پی نے کشمیری قیادت کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں اورجموں کے مفادات کاسوداکیاہے۔انہوں نے کہاکہ بھاجپاجموں کی نمائندگی کااخلاقی طورپراختیارکھوچکی ہے۔انہوں نے سال 2014 کے انتخابات کے دوران جاری کئے گئے ’’ویژن ڈاکیومنٹ ‘‘ اورجموں خطہ کے ساتھ روارکھے گئے سیاسی اورمعاشی امتیاز کوختم کرنے کے بارے میں وزیراعظم نریندرمودی اوردیگررہنمائوں کی یقین دہانیوں کی یاددہانی کروائی۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں اسمبلی اورپارلیمانی حلقہ انتخابات کی حدبندی کی یقین دہانی اورعلاقائی بنیادوں پرکئے جارہے امتیازی سلوک کوختم کرنے کاوعدہ نہ صرف مرکزی بی جے پی رہنمائوں نے کیاتھا کہ بی جے پی نے اپنے انتخابی منشورمیں بھی عوام سے اس کاوعدہ کیاتھا ۔جموں کے لوگوں کے اس اہم مطالبہ کوپس پشت ڈالنے کے لئے پی ڈی پی۔بی جے پی مخلوط سرکارکوآڑے ہاتھ لیتے ہوئے ہرش دیونے حدبندی کے کام کوجلدازجلد شروع کیاجاناچاہیئے کیونکہ یہ ریاست کے عوام کابہت پرانا مطالبہ ہے۔انہوں نے کہاکہ مرکزی اورریاستی رہنمائوں کوچاہیئے کہ وہ عوام کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدوں کوبغیرکسی تاخیرکے پوراکریں ۔انہوں نے مخلوط سرکارسے کہاکہ اگرحدبندی کے کام کواب بھی شروع نہ کیاگیاتوپنتھرس پارٹی بڑے پیمانے پرایجی ٹیشن شروع کرے گی جس کی تمام ترذمہ داری حکومت پرعائد ہوگی۔