عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی کے سربراہ سید الطاف بخاری نے کہاکہ اپنی پارٹی کا تعلق کسی سیاسی خاندان سے نہیں ہے بلکہ یہ عوام کی جماعت ہے۔انہوں نے کہا’’ ہم عوام میں سے آئے ہیں اور ہم ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے‘‘۔ الطاف بخاری نے پہلگام حملے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اُ س سانحہ کو آج ایک ماہ مکمل ہو گیا ہے۔ یہ واقعہ ہمارے اجتماعی ضمیر پر ایک دھبہ ہے، تاہم ہمیں بہادر سید عابد حسین پر فخر ہے، جنہوں نے حملہ آوروںکا اسلحہ چھیننے کی کوشش کرتے ہوئے اپنی جان گنوا دی۔بخاری پارٹی صدر دفتر سرینگر میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں نیشنل پنتھرس پارٹی (بھیم)کی وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والی پوری قیادت اور اراکین نے تنظیم کو اپنی پارٹی میں ضم کرنے کا اعلان کیا۔الطاف بخاری نے نئے اراکین کا پرتپاک استقبال کیااور انہیں یقین دلایا کہ اپنی پارٹی ان کیلئے ایک قابل اعتماد پلیٹ فارم ثابت ہوگا، جو انہیں عوامی خدمت کا بھر پور مواقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے نئے شرکاء سے کہا’’ میں آپ سب کو اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے پر دل کی گہرائیوں سے استقبال کرتا ہوں۔ آج سے آپ اس تنظیم کا ایک لازمی حصہ ہیں اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پارٹی آپ کو آپ کے علاقوں میں کام کرنے اور عوام کی خدمت کرنے کے کافی مواقع فراہم کرے گی‘‘۔انہوں نے کہا’’ مجھے پورا یقین ہے کہ آپ کی شمولیت سے آپ کے متعلقہ علاقوں میں اپنی پارٹی کو مزید تقویت حاصل ہوگی‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’ جموں و کشمیر میں دیگر سیاسی جماعتوں کے برعکس اپنی پارٹی کا ایجنڈا اور اسکی پالیسیاں سچائی کی سیاست اور دیانت کے اصولوں پر قائم ہیں۔ ہم سچائی اور دیانت کی سیاست کے ذریعے جموں کشمیر اور اس کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کا عزم رکھتے ہیں‘‘۔اس موقع پر نیشنل پینتھرس پارٹی کے ورکنگ صدر کے طور پر خدمات انجام دینے والے حقیقت سنگھ نے کہا ’’ہم نے اپنی پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ اس احساس کے بعد کیا ہے کہ یہ واحد سیاسی جماعت ہے، جس نے دیگر پارٹیوں کے برعکس اسمبلی انتخابی مہم کے دوران عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش نہیں کی۔ دیگر تمام پارٹیوں نے اپنے گمراہ کن نعروں اور جھوٹے وعدوں کے ذریعے ووٹروں کو دھوکہ دیا‘‘۔نئے اراکین کا استقبال کرنے کیلئے اپنی پارٹی کے سرکردہ لیڈران موجود تھے ۔