جموں//مخلوط سرکار میں شامل جماعت بی جے پی نے مغربی پاکستان سے آئے ہوئے پناہ گزینوں کو اقامتی اسناد کی تقسیم کاری پر کہاہے کہ انسانی مسائل پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ بی جے پی کے ریاستی جنرل سیکریٹری(تنظیم) اشوک کول نے کہا کہ یہ پناہ گزین1947سے ہی جموں کے مختلف حصوں میں رہائش پذیر ہے اور انہیں ریاست کے دیگر باشندوں کی ہی طرح شہریت کے حقوق کا دعویٰ کرنے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی پاکستان سے آئے ہوئے رفیوجیوں میں اقامتی اسناد کی تقسیم کاری ایک انسانی مسئلہ ہے اور کچھ سیاسی جماعتوں نے حقیر سیاسی مفادات کیلئے بد دیانتی پر مبنی مہم شروع کی ہے۔