پونچھ// انجمن گلشنِ حسینی پلیرہ کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح اس بار بھی شب عاشورہ کے سلسلہ میں بعد نماز مغربین جلوس علم مبارک برآمد کیا گیا۔جس میں ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی اور تحصیل حویلی کی مختلف انجمنوں کے ماتمی دستوں نے شرکت کی۔یہ جلوس عزا ء الحاج محمد بشیر میر کی رہائش گاہ سے برآمد ہو کر پلیرہ بازار سے ہوتا ہوا امام بارگاہ عالیہ پلیرہ میں پہنچا۔جلوس عزا کے دوران تمام ماتمی دستوں نے نوحہ و ماتم کر کے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا جب کہ جلوس عزا کے دوران علمائے کرام نے خطاب کر کے امام عالی مقام اور ان کے اصحاب و انصار کی شہادت اور فلسفہ شہادت پر مفسل روشنی ڈالی۔امام بارگاہ عالیہ پلیرہ میں دعا و سلام پر یہ جلوس اختتام پذیر ہوا جہاں انجمن گلش حسینی کے صدر ڈاکٹر اصغر علی میر نے تمام ماتمی انجمنوں کو، علمائے کرام کا اور ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ امام حسین کا غم پوری دنیا میں منایا جاتا ہے اور اس غم کو منانے میں مذہب کی کوئی قید نہیں انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں اہل ہنود بھی تعزیہ برآمد کر کے امام عالی مقام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ جس اس بات کے ثبوت ہے کہ امام عالی مقام کی قربانی تمام انسانیت کی بقا کے لئے تھی۔