بارہمولہ //شمالی قصبہ کے پلہالن پٹن قصبہ میں جمعہ کی علیٰ لصبح جنگجوئوں اور فوسز کے مابین محاصرے کے دوران گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جس کے دوران جنگجوفوج کو چکمہ دینے میں کامیاب ہوئے ۔اس دوران علاقے میں فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں جبکہ پورے ضلع میں انٹرنیٹ خدمات کو بھی معطل کردیا گیا ۔پولیس کے مطابق انہیں اس بات کی مصدقہ اطلاع تھی کہ تانترے محلہ پلہالن میں کچھ جنگجو چھپے بیٹھے ہیں جس کے بعد 29 آر آر، 53 بٹالین سی آر پی ایف اور سپیشل آپریشن گروپ نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر بڑے پیمانے پرجنگجوئوں کی تلاشی شروع کردی ۔جونہی فورسز گائوں کا آپریشن کرنے جارہے تھے تو یہاں موجود جنگجوئوں نے فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا، جو کچھ دیر تک جاری رہا۔فائرنگ کے دوران ہی جنگجو محاصرہ توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔فوج نے علاقے کی بڑے پیمانے پر تلاشی شروع کی۔اس دوران مشتعل نوجوانوں اور فورسز کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئیں جس کے بعد فورسز کو مشتعل ہجوم کو تتر بتر کرنے کیلئے آنسوگیس کے گولے داغنے پڑے ۔جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے ۔جھڑپ کے پیش نظر ضلع بارہمولہ میں دوپہر تک انٹرنیٹ خدمات معطل رہیں ۔اس سلسلے میں ایس ایس پی بارہمولہ امتیاز حسین نے اس بات کی تصدیق کی کہ جنگجو جھڑپ کے دوران اندھیرے کا فائدہ اُٹھاکر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ۔