فیاض بخاری
بارہمولہ//پولیس نے منگل کو کہا کہ پلہالن پٹن میں ایک مقامی زیارت میں چوری کی واردات میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس پوسٹ پلہالن کو کمیٹی زیارت شریف پلہالن اور دیگر علاقوں کے لوگوں کی طرف سے وقتا فوقتا چوری کی وارداتوں کے حوالے سے تحریری شکایات موصول ہوئیں جس کے بعد پولیس نے ایک ایف آئی آر نمبر 66/2022زیر دفعہ 457، 380 آئی پی سی درج کیا ہے۔ایس ایچ او تھانہ پٹن کی سربراہی میں ایک خصوصی تفتیشی ٹیم آئی سی پی پی پلہالن کی مدد سے ایس ڈی پی او پٹن کی نگرانی میں تشکیل دی گئی اور کئی مشتبہ مقامات پر چھاپے مارے گئے جس دوران کئی مشتبہ افراد کو پوچھ تاچھ کے لیے بلایا گیا اور آخر کار ایک شہری کو گرفتار کر لیا جس کی شناخت بلال احمد وازہ ساکن رائے پورہ پلہالن پٹن کے نام سے ہوئی ہے اور اس کے دیگر ساتھیوں کے ملوث ہونے کے انکشاف پر اظہر الدین بٹ عرف بیتاب ساکنہ تنترائے پورہ پلہالن اور ہاشم رمضان گوجری عرف ڈی پی ساکن گوجری محلہ پلہالن منظر عام پر آئے اور انہیں فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔ان کے انکشاف پر ان سے سی سی ٹی وی کیمرہ، موبائل فون اور تانبے کے برتن برآمد ہوئے۔ انہوں نے چوری کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا جو پلہالن علاقے میں پیش آئے تھے۔