راجوری //راجوری کی پلولیاں زیارت میں سالانہ عرس منایاگیا جس میںبلا رنگ و نسل و مذہب بڑی تعداد میںعقیدتمندوں نے شرکت کی ۔یہ زیارت ایک پہاڑی پر واقع ہے جہاں اکتیس مارچ کو عرس منایاجاتاہے ۔اس عرس کی سب سے خاص بات یہ ہوتی ہے کہ اس میں سبھی مذاہب کے ماننے والے شریک ہوتے ہیں ۔ہندوطبقہ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان رشو شرما نے بتایاکہ وہ ٹھنڈی کسی منکوٹ علاقے سے تعلق رکھتاہے لیکن ہر سال اکتیس مارچ کو اس عرس میں ضرورشریک ہوتاہے جس کیلئے اسے پندرہ کلو میٹر کا سفر طے کرناپڑتاہے ۔اس نے کہاکہ اس کے ہمراہ دیگر رشتہ داراور گھر والے بھی ہوتے ہیں ۔ شرما کے مطابق یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاںسے بھائی چارے کا پیغام ملتاہے ۔ٹھنڈی کسی کے ہی ایک اور شہری بھوشن کمار کاکہناہے کہ دنیا والوں کو اس زیارت سے درس لیناچاہئے جہاں ہندو بھی آتاہے اور مسلمان بھی اور سبھی ایک ساتھ ہوکر امن و امان کی دعائیں مانگتے ہیں ۔پلولیاں کے محمد خالق کاکہناہے کہ یہ ان کے گائوں کیلئے فخر کاباعث ہے کہ یہاں عرس کے دن ہر جگہ سے ہر مذہب کے ماننے والے لوگ آتے ہیں ۔اس دوران وزن اٹھانے کامقابلہ بھی کرایاگیاجو ہر سال کی روایت ہے ۔