سرینگر//نیشنل کانفرنس نے سرینگر اور وادی کے دیگر اضلاع میں پلوامہ ہلاکتوں کیخلاف احتجاجی رلیاں نکالیں۔جمعرات کو سرینگر میں علی محمد ساگر اور ڈاکٹر مصطفیٰ کمال کی سربراہی میں پارٹی صدر دفتر سے پلوامہ شہری ہلاکتوں کیخلاف ریلی نکالی گئی۔تاہم لولچوک پہنچنے سے قبل ہی پولیس کی جمعیت نے ٹی آر سی کے نزدیک راستہ روکا اورآگے جانے کی اجازت نہیں دی۔ پولیس نے اگر چہ مظاہرین کو روکنے کیلئے رکاوٹیں کھڑی کی تھیں تاہم مظاہرین رکاوٹیں پھلانگنے میں کامیاب ہوکر شیر کشمیر پار ک تک پہنچ گئے جہاں پولیس کی ایک اور پارٹی نے اْنہیں آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی۔ ریلی کے شرکا نے اپنے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے، جن پر پلوامہ قتل عام کی عدالتی تحقیقات کی مانگ اور نوجوانوں کی نسل کشی، خون خرابہ، کریک ڈائو ن اور چھاپہ مارکارروائیاں اور گرفتاریاںبندکرنے کے نعرے تحریر کئے گئے تھے۔ احتجاج کے دوران مرکزی اور ریاستی حکومت کیخلاف فلک شگاف نعرے بازی کی گئی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پلوامہ سانحہ کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے علی محمد ساگر نے کہا کہ اُن اہلکاروں کی نشاندہی کی جانی چاہئے جنہوں نے لوگوں پر براہ راست فائرنگ کی۔ اس تحقیقات کیلئے وقت کا تعین کیا جائے اور ماضی کی طرح تحقیقات کو وقت گزرنے کے ساتھ ہی بھول جانے کی پالیسی کو ترک کیا جائے۔ پارٹی کی طرف سے نائب صدر یوتھ احسان پردیسی نے ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر کے پاس پارٹی کا میمورنڈم پیش کیا۔کپوارہ میںچودھری محمد رمضان ،میر سیف اللہ اور قیصر جمشید لون کی قیادت میں ایک جلوس نکالا گیا ۔ ان کے ہاتھو ں میں پلے کارڈ تھے جن پلوامہ میں عام شہریو ں کی ہلاکت کی تحقیقات کرانے کے الفاظ درج تھے ۔اس موقع پر پارٹی کے سینئر لیڈر چودھری محمد رمضان نے پلوامہ میں عام شہریو ں کی ہلاکت کی مذامت کی اور مطالبہ کیا ان ہلاکتو ں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چایئے ۔بانڈی پورہ میں ضلع صدر غلام رسول ناز کی سربراہی میں عام شہریوں کی قتل و غارت گری کے خلاف جلوس نکالا گیا ۔جلوس غلام رسول ناز کی رہائش گاہ نوپورہ سے نکل کر ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کے دفتر پر ختتام پذیر ہوا اور ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کو یاداشت پیش کی گئی۔اننت ناگ میں برآمد ہوئی ریلی کی قیادت ضلع صدر الطاف احمد کلو، کولگام ریلی کی قیادت ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی، پلوامہ ریلی کی قیادت غلام محی الدین میر، شوپیان ریلی کی قیادت شیخ محمد رفیع، گاندربل ریلی کی قیادت شیخ اشفاق جبار، بارہمولہ ریلی کی قیادت جاوید احمد ڈار، بڈگام ریلی کی قیادت علی محمد ڈار اور عبدالاحد ڈار، کرگل ریلی کی قیادت حنیفہ جان اور لیہہ ریلی کی پی ونچک کررہے تھے۔ صوبہ جموں میں بھی اسی طرح کے تمام ضلع صدر مقامات پر احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور گورنر انتظامیہ پر زور دیا گیا کہ کشمیر میں جاری قتل و غارت گری اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔
ٹریڈرس فیڈریشن پلوامہ کا آج احتجاج کا فیصلہ
کل بھی قصبے میں ہڑتال رہے گی
سید اعجاز
پلومہ//ٹریڈرس فیڈ ریشن پلوامہ نے شہری ہلاکتوں کی اعلیٰ سطحی تحقیقات اور واقعہ میں ملوث اہلکاروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ٹریڈرس نے آج بروز جمعہ کو مکمل ہڑتال اور بعد از نماز پر امن احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ٹرانسپورٹروں، پلوامہ بار ایسوی سیشن اور مرکزی اوقاف کمیٹی نے حمایت کا اعلان کیا ہے۔ٹریڈرس فیڈ ریشن پلوامہ نے ایک بیان میںسرنو پلوامہ میں7عام شہریوں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کر کے ملوث اہلکاروں کی گرفتاری عمل میں لائی جائے۔ادھر پلوامہ قصبے میںجمعرات کو چھٹے روز بھی مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثررہی۔ جس دوران قصبے میں تمام کار باری ادرے بند رہے جبکہ سڑکوں سے ٹرانسپورٹ غاب رہا ۔تاہم ضلع کے کئی مضافاتی علاقوں میں معمولات جزوی طور بحال ہوئیں۔