سرینگر/کشمیر یونیورسٹی میں سنیچر کو طالب علموں نے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں فورسز کے ہاتھوں سات شہری اور تین جنگجو ہلاکتوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
تین جنگجو کھارہ پورہ ، سرنو نامی گائوں میں آج صبح فورسز کے ساتھ ایک مسلح معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوگئے۔اس معرکے میں ایک فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوگیا۔
اس مسلح معرکہ آرائی کے بیچ فورسز اور مظاہرین کے درمیان ہوئی جھڑپوں کے دوران سات نہتے شہری بھی فورسز کے ہاتھوں جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
کشمیر یونیورسٹی کے طالب علموں نے انہی ہلاکتوں کیخلاف زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا۔
طالب علم آزادی کے حق میں نعرے بلند کررہے تھے۔
اس سے قبل سوپور میں احتجاجی طالب علموں اور فورسز کے مابین جھڑپیں ہوئیں۔
یہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب ڈگری کالیج سوپور کے طالب علم پلوامہ ہلاکتوں کیخلاف احتجاج کرنے کیلئے سڑکوں پر نکل آئے۔
اسی طرح کے احتجاجی مظاہروں کی اطلاع سرینگر کے امر سنگھ کالیج سے بھی موصول ہوئی ہیں جہاں احتجاجی طالب علموں اور مظاہرین کے مابین جھڑپیں ہوئیں۔