پلوامہ//عظمیٰ نیوز //رمضان المبارک کے مقدس ماہ کے دوران بھی جنوبی ضلع پلوامہ کے کئی علاقوں میںپینے کے پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو ایام مقدس کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پرتا ہے۔لوگوں نے بتایا کہ پلوامہ کے درجنوں علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت کی وجہ سے مشکلات درپیش ہے جبکہ لوگوں نے حکام پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری دفاتروں کے طواف کرنے کے باوجود بھی لوگوں کو مشکلات سے باہر نہیں نکالا گیا۔ پلوامہ کے واسورہ،نوپورہ،لتر،لاسی پورہ، اور دیگر علاقوں کے لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ15دنوں سے یہ صورتحال ان علاقوں میں پائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اکثر اوقات میں مساجد میں وضو کیلئے پانی بھی مہیا نہیں رہتا۔ لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر چہ بار بار اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر کو بھی اس صورتحال سے آگاہ کیا گیا تاہم انہوں نے صرف زبانی یقین دہانی دی اور عملی طور پر کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ لوگوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر فوری طور پر ان علاقوں میں پینے کے پانی کی سپلائی بحال نہیں کی گئی تو لوگ سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہونگے،اور اگر امن و قانون کی کوئی صورتحال پیش آئی تو اس کی ذمہ داری متعلقہ محکمہ پر عائد ہوگی۔