مشتاق الاسلام
پلوامہ//ضلع پلوامہ کے عوام کیلئے ایک بڑی راحت کی خبر سامنے آئی ہے کیونکہ سرکیولر روڈ پر موجوددونوں ڈمپنگ سائٹس کو آخرکار بند کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اب پلوامہ قصبے میں روزانہ جمع ہونے والا تقریباً 9 ٹن کچرا جدید سائنسی طریقہ کار سے نئی ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کیا جائے گا، جہاں ماحول دوست طریقے سے اس کو ضائع کیاجائے گا۔ یہ اقدام ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم اور محکمہ بلدیات کی طویل اور مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔ مقامی آبادی، طلبا، تاجر اور صنعت کار عرصہ دراز سے اس مسئلے پر احتجاج کر رہے تھے۔ سرکیولر روڈ پر موجود ڈمپنگ سائٹس سے بدبو اور آلودگی نے زنانہ ڈگری کالج اور صنعتی علاقوں کے کارکنان بری طرح متاثر ہو رہے تھے۔مقامی صنعت کار فیروز بٹ نے اس پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’کچرے کی وجہ سے ہمارے کارخانوں میں کام کرنے والے مزدور اکثر بیمار ہو جاتے تھے، جس سے کاروباربھی متاثر ہو رہا تھا۔ اب امید ہے کہ حالات بہتر ہوں گے‘‘۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی ڈمپنگ سائٹ پر سول ورک مکمل ہو چکا ہے جبکہ میکینیکل کام کیلئے ٹینڈر جاری کیے جا چکے ہیں۔ حکام کو توقع ہے کہ آئندہ ایک ماہ کے اندر مکمل ڈھانچہ کام کرنا شروع کر دے گا۔ نئی سہولت میں کچرے کو مختلف اقسام میں تقسیم کر کے سائنسی انداز میں تلف کیا جائے گا تاکہ ماحولیاتی اثرات کم سے کم ہوں۔ادھر عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دیہی علاقوں میں موجود سگرگیشن شیڈز کو بھی جلد فعال کیا جائے تاکہ صفائی کی سہولیات دیہی سطح تک پہنچ سکیں اور عوامی سرمائے کا نقصان روکا جا سکے۔یہ اقدام پلوامہ کو صاف، صحت مند اور ماحولیاتی لحاظ سے محفوظ بنانے کی جانب ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔