عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پلوامہ میں 23 سالہ نوجوان عزیر گلزار ولد گلزار احمدترچھ کاکہ پورہ میں ہائی ڈینسٹی پلانٹیشن پروجیکٹ پر کام کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔مقامی لوگوں کے مطابق ہائی ڈینسٹی پلانٹیشن میں تنصیب کے کام کے دوران اسے بجلی کا شدید جھٹکا لگا۔اسے فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ادھرشوپیان کے ویشر و پائین علاقے میں اس وقت کہرام مچ گیا جب ایک کمسن بچی لوڈ کیرئیر سے گر گئی ۔ علاقے میں رات دیر گئے المناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب عائزہ عمر دختر محمد عمر ڈار چلتی گاڑی سے گر گئی اور جس دوران اسے شدید چوٹیں آئیں ۔لوڈ کیرئیر سے گر نے کے بعد بچی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی ۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے، اور ان حالات کا پتہ لگانے کیلئے مزید تحقیقات جاری ہیں جن کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ ادھرپولیس نے قاضی گنڈ میںایک المناک ہٹ اینڈ رن روڈ ٹریفک حادثے میں ملوث دو ٹرک ڈرائیوروں کو کامیابی کے ساتھ گرفتار کیا ہے جو جمعہ کی درمیانی رات اخروٹ فیکٹری، قاضی گنڈ کے قریب پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ میں ایک سکوٹی سوار محمد اقبال شیخ (40) ساکن کیوا قاضی گنڈ دو تیز رفتار ٹرکوں کی زد میں آکر موقع پر ہی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 241/2025 پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں درج کی گئی۔تفتیش کے دوران، سی سی ٹی وی فوٹیج کے باریک بینی سے تجزیہ کرتے ہوئے، دونوں ڈرائیوروں، یعنی سونو سنگھ ولددھرمیندھر سنگھ، ساکن برنالہ اور ارشپریت سنگھ ولد جگسر سنگھ ساکن لدھیانہ، جو ٹرک PB10JA-1651 اور PB06BD-717 کو چلا رہے تھے، کو موقع سے گرفتار کیا گیا ۔