پلوامہ // معروف وکیل اور پی ڈی پی ضلع صدر پلوامہ عبدالغنی ڈار کی ہلاکت کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں پلوامہ پولیس نے ایک ایڈوکیٹ کو گرفتار کرلیا ہے۔اس طرح ابھی تک اس کیس میں گاڑی کے ڈرائیور سمیت دو افراد کی گرفتاری عمل میں لائی جاچکی ہے۔ پولیس نے آج مذکورہ ایڈوکیٹ کی 5دن کی ریمانڈ بھی حاصل کرلی۔پولیس ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پی ڈی پی ضلع صدر اور معرو ف وکیل عبدالغنی ڈار کی ہلاکت کے سلسلے میں تویرا ڈرائیور محمد اسلم ملک ساکن کاکہ پورہ کو پہلے ہی حراست میں لیا جاچکا ہے کیونکہ اسکی کی گاڑی زیر نمبرJK13C-0702اس وقت استعمال کی گئی تھی جب ڈار کی ہلاکت کی گئی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے کیس کے سلسلے میں کاکہ پورہ کے ہی ایک ایڈوکیٹ بشیر احمد راتھر کو بھی حراست میں لیا ہے اور سنیچر کو اسکی پانچ روز کی پولیس ریمانڈ لی گئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ 32سالہ ایڈوکیٹ راتھر پلوامہ سیشن کورٹ میں2010سے پریکٹس کررہے ہیں اور پولیس نے اسکے موبائل فون کالز کا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس کیس کے سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 139/2017زیر دفعہ 302 اور 7/27 پہلے ہی درج کیا گیا ہے۔پولیس نے ہلاکت کے حوالے سے کاکہ پورہ کے ہی فسٹ ائر طالب علم شاکر احمد کو مطلوب قرار دیا ہے۔