مشتاق الاسلام
پلوامہ//پلوامہ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اپنی مضبوط اور مسلسل مہم کے تحت دو محاذوں پر بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ایک جانب برسوں سے عدالت سے مفرور ملزمان کو گرفتار کیا گیا، تو دوسری جانب منشیات کے مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر پر کاری ضرب لگاتے ہوئے متعدد افراد جن میں ایک مقامی سیاسی ورکر بھی شامل ہے کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔ پولیس تھانہ کاکاپورہ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے نذیر احمد ڈار عرف رستم ولد عبدالسلام ڈار ساکن کڑی بگ کاکاپورہ کو حراست میں لیا۔ وہ نیگوشی ایبل انسٹرومنٹس ایکٹ کے تحت درج ایک مقدمے میں عدالت جے ایم آئی سی پلوامہ کی جانب سے اشتہاری قرار دیا گیا تھا اور طویل عرصے سے فرار تھا۔ اسی طرح تھانہ راجپورہ نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے شبیر احمد گورسی ولد بالیا گورسی ساکن جم پتھری کیلر (شوپیان)کو گرفتار کیا، جو ایف آئی آر 31/1996 کے تحت 7/25 آرمز ایکٹ میں مطلوب تھا اور تقریبا 25 سال سے مفرور تھا۔ دونوں ملزمان کو قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔منشیات کے خلاف سخت ترین کارروائی، سیاسی لیڈر سمیت متعدد گرفتار کرلئے گئے ہیں۔کاکاپورہ پولیس نے ایف آئی آر نمبر 72/2025 این ڈی پی ایس کے تحت تحقیقات جاری رکھتے ہوئے جے کے این پی ایف سے وابستہ ایک ورکر کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پلوامہ میں منشیات کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر پولیس نے ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے،جن میں متعدد جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کیا گیا۔چھاپوں کے دوران پولیس نے منشیات، اور دیگر قابلِ اعتراض مواد برآمد کرکے ملزمان کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کیے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کا کاروبار نوجوان نسل کو تباہ کررہا ہے اور اس کے خاتمے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی شخص، چاہے اس کا تعلق کسی بھی عہدے یا پس منظر سے ہو، قانون سے بالاتر نہیں۔ علاقے کی عوام نے پولیس کی ان کارروائیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی ایسے آپریشن جاری رہیں گے تاکہ پلوامہ میں قانون کی بالادستی قائم رہے اور سماج کو منشیات کی لعنت سے پاک کیا جاسکے۔ ادھر پلوامہ پولیس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ مفرور مجرمان، منشیات فروشوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید تیز کرے گی۔