مشتاق الاسلام
پلوامہ//پہلگام میں سیاحوں پر حالیہ حملے کے بعد پلوامہ پولیس نے ملی ٹینسی کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں اور اوور گراؤنڈ ورکروں (او جی ڈبلیوز) کے نیٹ ورکس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کا بنیادی مقصد ان تمام سہولت کاروں اور حمایتی عناصر کو بے نقاب کرنا ہے جو ملی ٹینٹ تنظیموں کو خوراک، پناہ، اسلحہ اور خفیہ معلومات فراہم کرتے ہیں۔ حکام کا کہناہے کہ یہی نیٹ ورک ملی ٹنسی کی بنیاد ہیں اور ان کا قلع قمع علاقے میں پائیدار امن کیلئے ناگزیر ہے۔ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پلوامہ کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے اور کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جنوبی کشمیر میں ملی ٹینٹوں کے خلاف اقدامات کو مؤثر بنانے کے لیے بالائی ورکروں کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ادھر اونتی پورہ میں بھی پولیس اور دیگر فورسز نے مشترکہ کارروائیوں کے دوران ملی ٹینٹوں کے مبینہ سہولت کاروں کے گھروں پر چھاپے مارے اور مشتبہ نوجوانوں سے پوچھ گچھ کی ۔ ان اچانک کارروائیوں کے باعث پورے ضلع میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی ہے۔پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ علاقے کو ملی ٹنسی سے محفوظ رکھا جا سکے۔