پلوامہ // پولیس سٹیشن پلوامہ پر مشتبہ جنگجوئوں نے گرینیڈ پھینکا جو زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا جس میں 8پولیس اہلکار زخمی ہوئے اور کچھ نجی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔واقعہ کے بعد ہوائی فائرنگ سے قصبہ میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ مشتعل ہوئے جس کے بعد طرفین کے مابین شدید نوعیت کی جھڑپیں ہوئیں۔جمعہ سہ پہر تقریباًساڑے چار بجے مشتبہ جنگجوئوں نے پولیس اسٹیشن پر گرینیڈ پھینکا جو نشانہ چوک کر تحصیل آفس کے سامنے موجود پولیس اہلکاروں کے درمیان زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔ ہتھ گولے سے کم از کم آٹھ پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ تقریباً چھ نجی گاڑیوں کے شیشے چکنا چور ہوئے۔ زخمی پولیس اہلکاروں کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد شفیع چودھری،اور آئی آر پی 18بٹالین سے وابستہ کانسٹیبل غلام نبی وگے،مشتاق احمد بٹ، بلال احمد میر،محمد اسحاق شاہ، جلدیش راج،مشتاق احمد میر اور فاروق احمد لون کے بطور ہوئی ہے۔ادھر دھماکے کے بعد پولیس اہلکاروں نے گولیوں کے کئی راونڈ ہوا میں چلائے جبکہ ہتھ گولے اور گولیوں کی آواز سے بازار میں افرا تفریح پھیل گئی اور لوگ محفوظ مقامات کی جانب دوڑنے لگے۔ اس دووران کچھ نوجوان مشتعل ہوئے اور انہوں نے ہوائی فائرنگ کرنے والے اہلکاروں پر پتھرائو کیا جس کے بعد جھڑپیں بھی شروع ہوئیں جن کا دائرہ پورے قصبے میں پھیل گیا۔ مشتعل مظاہرین نے نہ صرف پولیس سٹیشن پر پتھرائو کیا بلکہ مین چوک، راجپورہ چوک، مورن چوک اور اسپتال کے نزدیک فورسز و پولیس پر شدید پتھرائو کیا۔طرفین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ شام دیر گئے تک جاری رہا۔