پلوامہ، شوپیاں//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کی صدارت میںکل دو الگ الگ میٹنگوں کے دوران پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگوں میں لئے گئے فیصلوں کی عمل آوری اور پیش رفت کا جائیزہ لیا گیا ۔ ترقیاتی کمشنر پلوامہ غلام محمد ڈار ، ترقیاتی کمشنر شوپیاں محمد اعجاز نے اپنے متعلقہ اضلاع میں وزیر اعلیٰ کی یقین دہانیوں اور ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگوں میں لئے گئے فیصلوں کی عمل آوری اور پیش رفت کے بارے میں صوبائی کمشنر کو تفصیلی جانکاری دی ۔ ترقیاتی کمشنر پلوامہ نے بتایا کہ سی ایم او احاطے میں دستیاب اراضی پر ڈاکٹروں کیلئے 103.00 لاکھ روپے کی لاگت سے اقامتی سہولیت کے سلسلے میں ڈی پی آر تیار کی گئی ہے ۔ پلوامہ میں سی ایم اوز کے دفتر کے احاطے میں کمیونٹی ہال کی تعمیر کے بارے میں بتایا گیا کہ لوگوں کی اس دیرینہ مانگ کو پورا کرنے کیلئے 7.95 کروڑ روپے کا ڈی پی آر تیار کیا گیا ہے ۔ میوہ منڈی پلوامہ کو وسعت دینے کے بارے میں صوبائی کمشنر کو یہ جانکاری دی گئی کہ اس مقصد کیلئے اگرچہ حصولِ اراضی کا کام مکمل کیا گیا ہے تا ہم فنڈس کی کمی کی وجہ سے رقومات واگذار نہیں ہوئی ہیں ۔ ضلع پلوامہ میں ایک زچہ و بچہ ہسپتال کی تعمیر کے حوالے سے صوبائی کمشنر کو بتایا گیا کہ اس مقصد کیلئے پہلے ہی چند گام پلوامہ میں زمین کی نشاندہی کی گئی ہے البتہ اس ہسپتال کی تعمیر تک ایس ڈی ایچ راجپورہ میں ہسپتال کا کام کاج عارضی طور پر چلایا جا سکتا ہے ۔ ۔ میٹنگ کے دوران نائنہ اور ڈوگری پورہ گاؤں کو پسماندہ قرار دینے ، خاندانی بہبود دفتر کے قیام کے علاوہ آر اینڈ بی سب ڈویژن ، ایری گیشن سب ڈویژن اور لتر میں زیڈ ای او آفس کے قیام کے سلسلے میں بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈوگری پورہ اور ریشی پورہ پلوامہ میںپلوں کی تعمیر کی پیش رفت کے بارے میں ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ان پلوں کی تعمیر کا کام بالترتیب 14.38 کروڑ روپے اور 10.94 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیا گیا ہے البتہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ڈوگری پورہ پُل کی تعمیر کا کام مکمل ہونے تک اس پروجیکٹ پر ٹھوس توجہ مبذول کی جائے ۔ اسی طرح ترقیاتی کمشنر شوپیاں محمد اعجاز نے صوبائی کمشنر کو وزیر اعلیٰ کی طرف سے عوام کو مختلف ترقیاتی کاموں کی یقین دہانیوں کی عمل آوری اور پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ صوبائی کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ فنڈس کے منصفانہ استعمال اور کاموں کے بہتر معیار کی طرف ٹھوس توجہ مبذول کی جائے ۔ انہوں نے دونوں اضلاع کے ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹوں کی نگرانی کریں تا کہ عوام کو ان پروجیکٹوں سے متوقع فوائد حاصل ہو سکیں ۔ میٹنگوں میں ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن ، ڈائریکٹر محکمہ دیہی ترقی ، اے ڈی سی پلوامہ و شوپیاں ، اے سی آر شوپیاں و پلوامہ ، تعمیراتِ عامہ ، صحت عامہ اور پی ڈی ڈی کے سپرنٹینڈنگ انجینران اور محکمہ تعلیم ، سماجی بہبود ، ٹرانسپورٹ کو جنگلات ، زراعت ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس پشو پالن ، پھول بانی ، ماہی پروری اور انڈسٹریز کے علاوہ متعلقہ تحصیلداروں اور افسران نے شرکت کی ۔