مشتاق الاسلام+سمت بھارگو
پلوامہ+راجوری //پلوامہ کے لرو پاری گام گائوںمیں مسلح تصادم آرائی کے بعد 16 گھنٹوں تک آپریشن جاری رہا۔لیکن ملی ٹینٹ ابتدائی فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا۔ اتوار کی شام پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ، 50 آر آر، اور سی آر پی ایف نے لرو پاری گام علاقے کو اس وقت محاصرے میں لیکر آپریشن شروع کیا جب انہیں گائوں میں 2ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی۔پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی گائوںکو محاصرے میں لیکر تمام رابطہ سڑکوں کو خاردار تار سے مکمل سیل کردیا گیااور گھر گھر تلاشی شروع کردی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس دوران محصور ملی ٹینٹوںشدید فائرنگ شروع کی، جس کے بعد طرفین میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور فائرنگ کے ابتدائی تبادلے کے بعد گائوں میں مکمل خاموشی چھا گئی۔طرفین کے مابین قریباً 15 منٹوں تک گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے دوران فوج کا ایک اہلکار معمولی زخمی ہوا ۔ فائرنگ کے بعدآپریشن کو موخر کیا گیا اورپیر کی صبح دوبارہ تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔
دن کے 12بجے تک گائوں کو کئی بار کھنگالا گیا اور نزدیکی میوہ باغات اور کھیت کھلیانوں کی تلاشی بھی لی گئی۔لیکن اس دوران ملی ٹینٹوں کیساتھ کوئی آمنا سامنا نہیں ہوا۔ملی ٹینٹوں کے فرار ہونے کے بعدایک بجے لروپاری گام کا محاصرہ ختم کیا گیا۔پولیس کے مطابق 16 گھنٹوں سے جاری آپریشن میں فوج کا ایک اہلکار زخمی ہوا تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ادھرپولیس نے دوپہر کو مذکورہ گائوں سے متصل کسری گام علاقوں کا محاصرہ کیا۔پولیس کو خدشہ تھا کہ پاری گام سے فرار ہونے والے ملی ٹینٹ اس علاقے میں چھپے ہونگے۔تاہم تلاشی کاروائی کے دوران پر امن طور اختتام پذیر ہوئی۔ادھر سیکورٹی فورسز نے مینڈھر میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2ملی ٹینٹوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔فوج کا کہنا ہے کہ پولیس کی مدد سے بالا کوٹ سیکٹر میں داندازی ہونے کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد سیکورٹی فورسز کو الرٹ رکھا گیا۔ترجمان نے کہا کہ 21اگست کی صبح بالا کوٹ سیکٹر کے ہمیر پور علاقے میں 2ملی ٹینٹوں کو خراب موسم کے باوجود فورسز نے دراندازی کرتے ہوئے دیکھا اور جیسے ہی وہ فورسز کے لگائے گئے گھات کے دائرے میں آگئے تو انہیں للکارا گیا جس کے بعد طرفین میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ترجمان نے مزید کہا کہ دونوں اسلحہ چھوڑ کر لائن آف کنٹرول کی طرف بھاگ گئے جن میں سے ایک ایل او سی کے نزدیک گرا جبکہ دوسرا زخمی حالت میں پار گیا لیکن دونوں ہلاک ہوئے۔تلاشی کارروائی کے دوران ایک رائفل، دو میگزین، 30رائنڈس، دو دستی بم،اور پاک دوائیاں شامل تھیں۔