شوپیان // پلوامہ قصبہ میں منگل کو نویں روز بھی مکمل ہڑتال رہی جبکہ پتھرائو اور شلنگ کے چند واقعات بھی ہوئے تاہم شوپیاں میں معمول کی سرگرمیاں بحال ہوئیں۔ پلوامہ میں منگل کو جنگجو کی ہلاکت کے خلاف تعزیتی ہڑتال جاری رہی۔ اس سے قبل شوپیان میں مارے گئے جنگجوئوں اور شہریوں کی ہلاکت کے خلاف پلوامہ میں ہڑتال کی گئی تھی۔ منگل کو مسلسل ہڑتال کا نواں دن تھا۔قصبے میں تعلیمی ادارے بند تھے جبکہ سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری بری طرح متاثر رہی۔البتہ پرائیوٹ گاڑیاں چلتی رہیں۔ منگل کی صبح اور شام کو مورن چوک میں فورسز پر پتھرائو کیا گیا اور مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شلنگ کی گئی۔ادھر شوپیان میں8روز کے بعد سوموار کو کچھ حد تک معمولات زندگی بحال ہوئے تھے تاہم منگل کو مکمل طور پر زندگی پٹری پر لوٹ آئی۔کاروباری مراکز کھل گئے، ٹرانسپورٹ چلتا رہا اور سرکاری دففاتر بھی کھلے رہے۔