عظمیٰ سپورٹس ڈیسک
سرینگر// ڈی آئی جی وسطی کشمیر رئیس محمدبٹ نے سوک ایکشن پروگرام کے زیراہتمام سپورٹس سٹیڈیم راج پورہ میں ٹی20ناک آؤٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ ٹورنامنٹ میں راجپورہ بیلٹ کے مختلف علاقوں سے 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ افتتاحی میچ راجپورہ رائل کرکٹ کلب اوریونائیٹڈ سٹار سنگروانی کے درمیان کھیلا گیا۔ڈی آئی جی نے کھلاڑیوں اور دیگر تماشائیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد میں سب سے آگے ہے جس کا واحد مقصد نوجوانوں کو بہترین پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے، تاکہ وہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔مہمان خصوصی نے گراس روٹ لیول پر کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس بات کا یقین دلایا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے ٹورنامنٹ ضلع کے مختلف علاقوں میں منعقد کیے جائیں گے۔