مشتاق الاسلام
پلوامہ // پلوامہ کے پاہو کاکاپورہ علاقے میں جمعرات کو ایک دلخراش حادثے میں سات سالہ بچی اریبا نذیر دختر نذیر احمد بٹ جاں بحق ہو گئی، جب وہ اپنے گھر کے باہر سڑک پار کر رہی تھی اور تیز رفتار موٹرسائیکل کی زد میں آ گئی۔ سرکاری ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق بچی کو ابتدائی طور پر پی ایچ سی کاکاپورہ منتقل کیا گیا، جہاں سے اسے سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال ریفر کیا گیا۔ بدقسمتی سے بچی کو ہسپتال پہنچنے پر مردہ قرار دے دیا گیا۔پلوامہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل ڈرائیور سہیل احمد، ساکن دوگام کاکاپورہ کو گرفتار کر لیا اور واقعے کے متعلق قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ واقعے نے مقامی سطح پر شدید غم و تشویش پیدا کر دی ہے اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ تیز رفتار ڈمپروں دیگر گاڑیوں کے علاوہ موٹرسائیکل بائکوں پر فوری قابو پایا جائے تاکہ ایسے المناک حادثات دوبارہ نہ ہوں۔ادھر اتر پردیش کے جونپور میں ایک المناک سڑک حادثے میں ایک کشمیری نوجوان کی موت واقعہ ہوگئی۔ متوفی نوجوان کی شناخت ظہور احمد ملک ولد محمد سلیم ساکن اڈھل، کوکرناگ اننت ناگ کے طور پر کی گئی ہے۔لواحقین نے بتایا کہ انہیں منگل کی رات چونکا دینے والی خبر ملی، جس سے پورا علاقہ غم میں ڈوب گیا۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ظہور کی جسد خاکی کو جلد از جلد کشمیر واپس لانے میں سہولت فراہم کی جائے۔