سرینگر/جنوبی کشمیر میں سنیچر کوجنگجوئوں اور فورسز کے مابین تصادم آرائی کی جگہ کے آس پاس ہوئی جھڑپوں کے دوران فورسز کارروائی میں شہری ہلاکتوں کی تعداد سات تک پہنچ گئی ہے۔فورسز کارروائی میں متعدد شہری زخمی بھی ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے معرکہ آرائی کی جگہ کی طرف مارچ کی کوشش کی جس کو روکنے کیلئے فورسز نے گولیاں چلائیں اور پیلٹ فائر کئے جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے جن میں سے پہلے دو اور بعد میں مزید پانچ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھے۔
اسپتال ذرائع نے کہا کہ ابھی تک سات شہری جاں بحق ہوگئے ہیں۔
انہوں نے مرنے والوں کی شناخت شہباز علی ساکنہ منڈہامہ، سہیل احمد ساکنہ بیلو، لیاقت احمد ساکنہ پاریگام،عامر احمد پالا ساکنہ اشمندر اور عابدحسین ساکنہ کریم آباد کے طور کی ہے جبکہ چھٹے اور ساتویں جاں بحق شہری کی شناخت ابھی تک نہیں ہوئی تھی۔
اس سے قبل کھارہ پوری سرنو میں تین جنگجو فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی میں جاں بحق ہوگئے۔ فوج نے کہا کہ معرکہ آرائی میں ایک فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوگیا۔
کھارہ پورہ سرنو نامی گائوں میں آج صبح فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان معرکہ شروع ہوا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا اور جس کے دوران ذرائع کے مطابق تین جنگجو جاں بحق ہوگئے ۔