پلوامہ+بانڈی پورہ //جنوبی ضلع پلوامہ میں فورسز کو اس وقت فائرنگ اور شلنگ کرنا پڑی جب مشتعل نوجوانوں نے آئی جی سی آر پی ایف کے قافلے پر شدید پتھرائو کیا ۔ ٹینگہ پونہ پلوامہ پل کے قریب نوجوانوں کی ٹولیوں نے یہاں سے گزر رہے آئی جی سی آ ر پی ایف آپریشنز ذوالفقار حسن کے قافلے پر پتھرائو کیا ۔ جونہی مذکورہ افسر کا قافلہ گذر رہا تھا تودرجنوں نوجوان مشتعل ہوئے جنہوں نے آزادی کے حق میں نعرے بلند کرتے ہوئے فورسز قافلے پر شدید پتھرائو کیا ۔فورسز نے مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے عوام میں گولیوں کے رائونڈ چلائے جس کے نتیجے میں مذکورہ علاقے اور اس کے آس پاس والے علاقوں میں افرا تفری پھیل گئی اور لوگ ادھر اُدھر بھاگنے لگے ۔ اس دوران یہاں فوری طور پر پولیس کے درجنوں اہلکار پہنچے جنہوں نے مشتعل نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے شلنگ کی جس کے ساتھ ہی یہاں پر تشدد جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا ۔ ایس ایس پی پلوامہ نے آئی جی سی آر پی ایف کے قافلے پر ہوئے پتھرائو کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شر پسند عناصر نے آئی جی سی آر پی ایف کے قافلے پر پتھرائو کیا ۔ادھر پولیس کے ایس او جی ، فوج کی13 آر آراور سی آر پی ایف سے وابستہ اہلکاروں نے پیرکی صبح حاجن کے وجپارہ نامی گائوںکو گھیرے میں لیا۔ جونہی فورسز اہلکاروں نے جنگجوئوں کی تلاش کا آغاز کیا تو سینکڑوں کی تعداد میںلوگ گھروں سے باہر آکر احتجاج کرنے لگے ،انہوں نے فورسز کو تلاشی لینے سے روک دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے لوگوں کا ہجوم سڑکوں پر امڈ آیا۔ فورسز نے جب انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی تو لوگ مشتعل ہوئے اور انہوں نے بیک وقت کئی اطراف سے فورسز پر زبردست پتھرائو شروع کیا۔مظاہرین کو تتر بتر کرنے کیلئے پہلے لاٹھی چارج کیا گیا اور اشک آور گیس کے گولے داغے گئے جس کے نتیجے میں علاقے میں اتھل پتھل مچ گئی ۔جھڑپوں کا سلسلہ کچھ دیر تک جاری رہا جس کے بعد فورسز خالی ہاتھ واپس لوٹ گئے۔