عظمیٰ نیوز سروس
بارہمولہ// بارہمولہ نے بین الصوبائی سطح کے کبڈی مقابلوں میں اپنا تسلط برقرار رکھا ۔ انڈر 17 بوائز ٹیم نے پلوامہ میں 4 پوائنٹس کے قریبی فرق سے شاندار فائنل جیتتے ہوئے بڈگام کی مضبوط ٹیم کے خلاف فتح حاصل کی۔یہ شاندار فتح بارہمولہ کی انڈر 14 بوائز ٹیم نے بھی چمپئن شپ ٹرافی اپنے نام کرنے کے فورا ًبعد حاصل کی ہے، جو کہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ، جموں و کشمیر کے زیر اہتمام منعقدہ اس پر وقار تقریب میں ضلع کے لیے دوہری فتح ہے۔ضلع یوتھ سروس نے نوجوان کھلاڑیوں کی کامیابیوں پر بے حد فخر کا اظہار کیا اور تمام حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو دلی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا”یہ ہمارے فیلڈ سٹاف کی انتھک محنت، نظم و ضبط اور عزم ہے جس نے ہماری ٹیموں کو چیمپئنز میں تبدیل کیا ہے۔ بارہمولہ آج اونچا کھڑا ہے، اور ہمیں یقین ہے کہ ہمارے انڈر 19 لڑکے جیت کے اس سلسلے کو جاری رکھیں گے اور ضلع کو مزید عزت دیں گے”۔