عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//رتنی پورہ پلوامہ میں ایک افسوسناک واقعے میں ایک خاتون بجلی کرنٹ کی زد میں آ کر جاں بحق ہوگئی۔32 سالہ نازمہ اختر زوجہ سید مختار احمد اپنے گھر میں روزمرہ کے کاموں میں مصروف تھیں کہ اچانک انہوں نے بجلی ٹرانسفارمر کو چھو لیا۔ کرنٹ لگنے سے وہ موقع پر ہی بے ہوش ہو گئیں۔ اہل خانہ نے فوری طور پر انہیں ضلع ہسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں کے مطابق ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔سول سوسائٹی پلوامہ کے رکن حاجی ثنا اللہ شاہ نے خاتون کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ادھر بڈگام کا 45 سالہ شہری جو اتوار کی صبح سرینگر کے لال بازار علاقے میں ایک مسجد سے گرنے کے بعد زخمی ہوا تھا سکمز صورہ میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔حکام نے بتایا کہ شہری وکیل احمد شاہ ولد حمید اللہ شاہ ساکنہ بڈگام عمر کالونی اے کی مسجد میں مزدور کے طور پر کام کر رہا تھا جب وہ غلطی سے دوسری منزل سے گر گیا اور اس کے سر پر شدید چوٹیں آئیں۔اسے علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ کل صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔ ادھر پولیس نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔