پلوامہ میں بھتہ خور گرفتار

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// پلوامہ میں لوگوں سے زبردستی پیسے بٹورنے والے بھتہ خور کو پولیس نے دھر دبوچ کر اس کے قبضے سے دو نقلی پستول برآمد کرکے ضبط کئے۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس تھانہ راج پورہ کو معتبر ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ کچھ لوگ دھمکیاں دے کر عام لوگوں سے پیسے وصول کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے معاملے کے متعلق ایف آئی آر زیر نمبر 22زیر دفعات 420,506,384آئی پی سی کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ترجمان کے مطابق دوران تفتیش پولیس نے عندلیب احمد میر ولد عبدالرشید میر ساکن راجپورہ پلوامہ کو دھر دبوچ کر اس کے قبضے سے جرم میں استعمال ہونے والے دو کھلونا نما پستول برآمد کئے۔پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے شر پسند عناصر جو بھتہ خوری اور خوف و ہراس کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کی نشاندہی کرنے میں اپنا دست تعاون فراہم کریں تاکہ ایسے جرائم پیشہ افراد کا قلع قمع کیا جاسکے۔