پلوامہ // مشتبہ جنگجوئوں نے پوچھل پلوامہ میں شام دیر گئے سپیشل پولیس آفیسر کو گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا۔ اسکی حالت نازک قرار دی جارہی ہے۔ایس پی او عاقب احمد وگے ولد عبدالاحد وگے ساکن پنجگام پر مشتبہ جنگجوئوں نے ٹانگوں میں گولیاں ماریں اور وہ شدید طور پر زخمی ہوا، جسے فوری طور پر سرینگر منتقل کردیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ فورسز نے حملے کے فوراً بعد علاقے کو محاصرے میں کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ ایس ایس پی پلوامہ کے مطابق مذکورہ ایس پی او اونتی پورہ پولیس کیساتھ وابستہ تھا۔بتایا جاتا ہے کہ وہ ریلوے لائن کی حفاظت پر مامور تھا جس دوران اس پر حملہ کیا گیا۔ادھر کاکہ پورہ پلوامہ پولیس سٹیشن پر جنگجوئوں نے دیر رات گئے گرینیڈ داغا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ حملے کے فوراً بعد فورسز نے علاقے کا گشت تیز کردیا اور کئی جگہیوں کی تلاشی لی۔اس دوران نوپورہ پائین پلوامہ میں شام دیر گئے فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ فائرنگ کی کیا وجوہات تھیں۔