سرینگر//حریت (گ)،سالویشن مومنٹ ، ماس مومنٹ ،مسلم کانفرنس ،محاز آزادی ،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس ،ینگ مینز لیگ ، تحریک استقامت اور مسلم خواتین مرکزنے پلوامہ معرکہ آرائی میں جاں بحق ہوئے دو جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اورفورسز کے ہاتھوں ایک عام شہری کی ہلاکت پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز کو قتل عام کرنے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔ حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے پلوامہ میں جاں بحق ہوئے عسکری نوجوانوں اور ایک عام شہری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی کشمیر کے حوالے سے غلط پالیسیوں کی وجہ سے جموں کشمیر میں خون کی ہولی کھیلی جاتی ہے اور قیمتی انسانی زندگیوں کا اتلاف جاری ہے۔ حریت چیئرمین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کشمیر کے نوجوانوں کو ایک منصوبہ بند طریقے سے پشت بہ دیوار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا’’ بھارت ایک طرف ہماری جدوجہد پر دہشت گردی کی لیبل چسپاں کرکے اس کو عالمی برادری کے سامنے بدنام کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے اور دوسری طرف وہ یہاں قتل عام کرکے کشمیر کو عملاً قتل گاہ بنا چکا ہے، جہاں ہر روز کوئی نہ کوئی ہمارا لخت جگر ہم سے چھینا جاتا ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمارے بچے کسی شوق سے بندق نہیں اٹھاتے ہیں، بلکہ جموں کشمیر کے اس چھوٹے خطے میں ’جس کو دنیا کا بہترین جیل خانہ‘ بتایا گیا ہے، 7لاکھ فوجیوں، 2لاکھ نیم فوجیوں اور پولیس کا ظلم وستم اس کیلئے بنیادی وجہ ہے۔ گیلانی نے ان جنگجوئوں کو قومی ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان اپنی سرزمین کو آزاد کرانے اور ہمارے کل کیلئے اپنا آج قربان کرتے ہیں۔ گیلانی کی ہدایت پر تحریک حریت کا ایک وفد جس میں عمر عادل ڈار، مدثر ندوی اور دیگر ضلعی ذمہ داران شامل تھے، نے پلوامہ جاکر غمزہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اورگیلانی کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔ فردوس احمد کی نماز جنازہ کی پیشوائی تحریک حریت کے عمر عادل ڈار نے کی اور بعد میں یہی وفد عادل احمد للہار کے گھر گیا اوراُن کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ گیلانی نے کہا کہ پُرامن مظاہرین پر پیلٹ اور براہِ راست فائرنگ، جائیداد کی توڑ پھوڑکرنا فورسز کا روز کا معمول بن گیا ہے اور سرکاری سطح پر یہ سب کرنے کے لیے انعامات سے بھی نوازا جاتا ہے۔گیلانی نے کہا کہ تمام تر مظالم اور جبروزیادتیوں کے باوجود کشمیری قوم اپنی پُرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔ گیلانی نے کہا کہ پُرامن سیاسی سرگرمیوں پر عائد سخت ترین پابندی، این آئی اے کے ذریعے’’ سرکاری اغواکاری‘‘ اور قائدین کی مسلسل نظربندی سیاسی غیر یقینیت اور عدمِ استحکام میں اضافے پر منتج ہورہی ہے۔ سالویشن مومنٹ نے کہا ہے کہ کشمیر میں اب عام لوگوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ دراز ہوتا جارہا ہے اور ان واقعات میں ملوث کسی بھی فورسز اہلکار کو سزا نہیں دی گئی ہے۔ انہوں نے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرین پر فورسز کی طرف سے طاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کو دبایا نہیں جاسکتا ۔سالویشن مومنٹ وفدنے پلوامہ جاکر اُن کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔وفد میں امتیاز احمد،فاروق احمد،عدنان سلفی اوراسحاق احمدشامل تھے۔ ماس مومنٹ نے کہا کہ اب معصوموں کو نشانہ بنانا فورسز کا معمول بن گیا ہے۔ترجمان کے مطابق ماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے شہری کو جاں بحق کرنے پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار ،محاز آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو،ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی ، تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار اور مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ نے اپنے مشترکہ بیان میںابو دجانہ اورعارف للہاری کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔انہوں نے فورسز کی طرف سے ایک اورعام شہری کی ہلاکت کو ایک قتل نا حق سے تعبیر کیا ہے اور ایک منصوبہ بند سازش کے تحت نوجوانوں کی نسل کشی سے تعبیر کیا ہے۔
یہی خون حصول منزل کی بنیاد بنے گا:صلاح الدین
مظفر آباد// حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کو نسل کے چیئر مین سید صلاح الدین نے معروف عسکری کمانڈرابو دجانہ اور اس کے ساتھی عارف للہاری کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مقدس خون ہی حصول منزل کی بنیاد بنے گا ۔موصولہ بیان کے مطابق صلاح الدین متحدہ جہاد کو نسل کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ابو دجانہ ایک مایہ ناز جنگجو ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عسکری ماہر بھی تھا اور اپنی عسکری صلاحیتوں کے باعث وہ جنگجوئوں میں مقبول تھاجبکہ دشمن ان سے خوفزدہ تھے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ہلاکت سے ضرور ایک خلاء پیدا ہوا لیکن تاریخ گواہ ہے کہ جاں بحق ہوئے جوانوں کے خون کے ہر قطرے سے ہزاروں جنگجو جنم لیتے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ وہ اس خلا ء کو پورا کرلیتے ہیں ۔صلاح الدین نے کہا بھارت کی مسئلہ کشمیرکے تئیںمسلسل ہٹ دھرمی اور بزور طاقت جموں و کشمیر پر قبضہ رکھنے کی منطق نے یہ ثابت کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل مسلح جدوجہد ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلح جدوجہد کو مزید مضبوط اور توانا بنا نے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور پوری قوت سے فورسزکے خلاف جدوجہد حصول منزل تک جاری رہے گی۔جہاد کونسل چیئر مین نے کہا کہ ایک طرف پوری قوم آزادی کی جنگ میں نہ صرف شریک بلکہ جنگجوئوں کی پشت پربھی موجود ہے وہیں چند (وردی پوش اور بغیر وردی )کالے بھیڑئے بھی موجود ہیں جو دشمن کے خاکوں میں رنگ بھرنے کی کو ششیں کررہے ہیں اور جس کے نتیجے میں جنگجوئوں کے جاں بحق ہونے میں اضافہ ہورہا ہے ۔ صلاح الدین نے برسر پیکار جنگجوئوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی کالی بھیڑیوں سے ہو شیار رہیں اور ساتھ ساتھ ایسے افراد کو بھی متنبیہ کیا جو دشمن کیلئے کام کررہے ہیں کہ ان کا انجام بہت برا ہوگا۔اجلاس میں جہاد کو نسل کے سیکریٹری جنرل شیخ جمیل الرحمان اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا ۔
جائز حق کا مطالبہ کرنے پر کشمیریوں کی نسل کشی جاری:جماعت اسلامی
سرینگر//جماعت اسلامی نے فورسز کی طرف سے کاکہ پورہ پلوامہ میں پُرامن مظاہرین پر طاقت کے استعمال کی کڑی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف بھارتی حکمران اپنے ملک کو کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا بلند بانگ دعویٰ کرتے ہیں لیکن وادی کشمیر میں بسنے والے مظلوم لوگوں کو پُرامن مظاہرہ کرنے، عوامی جلسہ منعقد کرنے یا اپنی رائے کا آزادانہ اظہار کرنے کا بھی کوئی موقعہ فراہم نہیں کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے والوں کو علیحدگی پسند اور ملک دشمنی جیسے بے بنیاد القابات سے نوازا جاتا ہے اور پھر جیلوں اور تعذیب خانوں میں ٹھونس کر ان کے ساتھ بے رحمانہ سلوک کیا جاتا ہے۔بیان کے مطابق افسپا اور اس جیسے دیگرسیاہ قوانین کا سہارا لے کر عوام کی زندگیوں کو جہنم زار بناکر رکھا گیا ہے۔بیان کے مطابق جماعت اسلامی اس گھمبیر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہکری پورہ پلوامہ معرکہ میں جاں بحق ہوئے نوجوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور عالمی برادری سے مؤدبانہ اپیل کرتی ہے کہ کشمیریوں کو اس ظلم و بربریت سے نجات دلوانے کی خاطر اپنا مؤثر رول ادا کریں اور انہیں ان کا بنیادی و پیدائشی حق ’حق خود ارادیت‘ دلوانے کی خاطر اپنا سفارتی و سیاسی اثر و رسوخ کام میں لائیں۔
فورسز مبارکباد کے مستحق:ڈاکٹر فاروق
سرینگر/ /سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق نے ابودجانہ کی ہلاکت پرفورسزکی ستائش کرتے ہوئے اس امیدکااظہارکیاکہ سیکورٹی فورسز آگے بھی ایسااچھاکام کرتے رہیں گے ۔نئی دہلی میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے کہاکہ سیکورٹی فورسزمبارکباد کے مستحق ہیں اورامید ہے کہ آگے بھی سیکورٹی دستے اچھاکام انجام دیتے رہیں گے ۔انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا’’ مجھے اُمیدہے کہ سیکورٹی فورسزاچھاکام کرتے رہیں گے تاکہ ریاست جموں وکشمیر میں امن وشانتی قائم ہوسکے‘‘۔
دجانہ کی ہلاکت پر کشمیری مغموم کیوں؟:انجینئر رشید
دلی کو جواب ڈھونڈنا ہوگا
سرینگر//آزاد رکن اسمبلی انجینئر رشید نے معروف عسکری کمانڈر ابو دجانہ کی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کو سیکورٹی ایجنسیوں اور ہندوستانی میڈیا کی طرف سے بہت بڑی کامیابی قرار دینے اور جشن منانے کومضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دجانہ کی ہلاکت کو اپنی بہت بڑی کامیابی قرار دیکر یہ لوگ ہندوستانی عوام کو نہ صرف گمراہ کر رہے ہیں بلکہ تصویر کا ایک ہی رخ پیش کرنے کے بھی مرتکب ہو رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انجینئر رشید نے کہا ’’ نئی دلی کو اس سوال کا ٹھنڈے دماغ سے جواب ڈھونڈھنا ہوگا کہ ایک غیر ملکی شخص جس سے دہشت گرد کہہ کر اس کے سر پر پندرہ لاکھ کا انعام مقرر کیا گیا ہو، کی ہلاکت پر بیشتر آنکھیں ماتم کدہ کیوں ہیں‘‘۔
شہری کی ہلاکت پر نیشنل کانفرنس کا اظہارِ رنج
سرینگر//نیشنل کانفرنس نے عام شہری کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کا خون بہانہ روز کا معمول بن کر رہ گیا ہے اور آئے روز ہلاکتیں موجودہ حکومت کی سب سے بڑی حصولیابی بن کر سامنے آئی ہے۔ پارٹی ترجمان جنید عظیم متو نے کہا کہ پی ڈی پی حکومت عام شہریوں کی ہلاکتوں اور ظلم و تشدد پر روک لگانے میں ناکام ہوگئی ہے اور لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے پی ڈی پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اس جماعت (پی ڈی پی)نے کشمیریوں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے اور حکام اقتدار بچائے رکھنے کی تگ و دو میں کشمیریوں کی ہلاکتوں پر لب کشائی بھی نہیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے دوران چھوٹی سی چھوٹی بات پر سڑکوں پر آنے والی جماعت کو جیسے آج سانپ سونگ گیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے جملہ سوگوران خصوصاً والدین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ نیشنل کانفرنس اس غم میں برابر شریک ہے۔