سرینگر/پولیس نے اُن تین جنگجوئوں کی شناخت کرلی جو جنوبی کشمیر کے پلوامہ میں جمعرات علی الصبح فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی میں جاں بحق ہوگئے ۔
اس معرکہ آرائی میں ایک شہری اورایک فوجی اہلکار بھی جاں بحق ہوگئے ۔
پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق جنگجوئوں کا تعلق جیش محمد سے تھا اور ان میں نصیر پنڈت ساکنہ کریم آباد پلوامہ،عمر میر ساکنہ شوپیان اورایک پاکستانی شہری، خالد شامل ہیں۔
پولیس بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ جب فورسز معرکہ آرائی کے ابتدائی مرحلے میں شہریوں کو جنگجوئوں کے چھپنے کی جگہ سے نکالنے میں مصروف تھے تو جنگجوئوں نے فورسز پر شدید فائرنگ کی جس کی زد میں آکر فوج کا ایک سپاہی سندیپ اور ایک عام شہری رئیس ڈار جاں بحق ہوگئے۔
واضح رہے کہ یہ معرکہ آرائی ڈلی پورہ پلوامہ میں آج صبح ہوئی۔
اس سے قبل ڈلی پورہ علاقے میں فوج اور ایس او جی اہلکاروں نے تلاشی آپریشن کا آغاز کیا جس کے دوران معرکہ آرائی پیش آئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق پلوامہ اور آس پاس علاقے میں فورسز کی بھاری تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے اور عوام کی نقل و حمل محدود کی گئی ہے۔
حکام نے ضلع میں انٹر نیٹ سروس بھی معطل کر رکھی ہے۔