سرینگر/چار جنگجو جو جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں سنیچر کو فورسز کے ساتھ ایک معرکہ آرائی میں جاں بحق ہوگئے، کی شناخت ہوگئی ہے اور اُن کا تعلق عسکری گروہ جیش محمد سے تھا۔
پولیس ذرائع نے جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت مزمل نبی ڈار ساکنہ روہمو پلوامہ،مزمل نظیربٹ ساکنہ پرژو پلوامہ، وسیم اکرم ساکنہ ٹکن پلوامہ اور ایک غیر کشمیری حارث کے طور کی ہے۔
مقامی جاں بحق جنگجوئوں کی میتوں کو اُن کے گھروالوں کے سپرد کیا گیا ہے۔
اس سے قبل پلوامہ کے راجپورہ علاقے میں حاجن نامی گائوں میں جنگجوئوں اورفورسز کے مابین ایک معرکہ آرائی ہوئی جس کے دوران مذکورہ چاروں جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
یہ معرکہ آرائی حاجن، راجپورہ نامی گائوں میں دوران شب شروع ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق نوجوانوں کی ایک اچھی خاصی تعداد نے معرکہ کے آس پاس تعینات فورسز اہلکاروں کو شدید سنگباری کا نشانہ بنایا جنہوں نے پیلٹ فائرنگ کی اور ٹیر گیس کے گولے داغے اور یوں باضابطہ جھڑپوں کا آغاز ہوگیا جن میں بعدازاں شدت آگئی اور گیارہ شہری زخمی ہوگئے ۔