مزاحمتی جماعتوں کا جاں بحق ہوئے جنگجوﺅں کوخراج عقیدت
سرینگر//فریڈم پارٹی،دختران ملت ،پیپلز فریڈم لیگ،سالویشن مومنٹ، محاذ آزادی،مسلم کانفرنس ،محاذ آزادی ، ینگ مینز لیگ،تحریک استقامت ، مسلم خواتین مرکزاور اسلامک پولٹیکل پارٹی نے پلوامہ معرکہ آرائی میں جاں بحق ہوئے دوجنگجوﺅں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز نے حواس باختہ ہوکر معصوم شہریوں پر بھی راست فائرنگ کرکے درجنوں کو زخمی کیا ہے ۔فریڈم پارٹی کے سیکریٹری جنرل مو لا نامحمد عبداللہ طاری نے پلوامہ معرکہ میں جاں بحق ہوئے دوجنگجوﺅں کفایت اور جہانگیرکو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اُن کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک عرصہ سے ایسے واقعات مسلسل رونما ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا”ہم اس طرح کے واقعات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ان عوامل پر غور کرنے کی دعوت دے رہے ہیں کہ یہ دیکھا جائے کہ یہ کون لوگ آستین کے سانپ بنے ہمیں جانی نقصان سے دوچار کررہے ہیں“ ۔انہوں نے کہا کہ میدان عمل میں سرگرم سرفروشوں کو اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ دختران ملت نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ظلم و ستم سے کشمیر یوں کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔ ایک بیان میںتنظیم کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ کشمیری عوام سرنگوں نہیں ہونگے بلکہ جد و جہد جاری و ساری رہے گی۔ انہوں نے کہ ہلاکتوں کا سلسلہ اب معمول بن گیا ہے، جس پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں کی وجہ سے ہی مسئلہ عالمی ایوانوں میں گونج رہا ہے اور پوری دنیا یہ محسوس کر رہی ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہوتا تب تک پورے جنوبی ایشیا میں امن کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہوسکتا ۔ محاذآزادی کے صدر سید الطاف اندرابی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ معصوم جوانوں کا یہ لہو ایک نہ ایک دن ضرور رنگ لائے گا۔ انہوں نے بھارتی سیاستدانوں پر زور دیا کہ خون خرابے کا کھیل بند کرکے برصغیر کے علاوہ بھارتی عوام کی خوشحالی اور ترقی کی راہیں تلاش کریں۔سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب تک نہ مسئلہ کشمیرکو عوامی خواہشات کے مطابق حل کیا جاتا ہے تب تک برصغیر میں امن کی امید لگانا عبث ہے ۔موصولہ بیان کے مطابق تنظیم سے وابستہ امتیاز احمد، فاروق احمد،زبیر احمد،عدنان سلفی اوراسحاق کشمیری نے کفایت ،جہانگیر،بشیر لشکری اورآزاد احمدکے جنازوں میں شرکت کی ۔بیان میں پٹن میں غلام حسن ریشی کی فوجی گاڑی کے ٹکر کے نتیجے میں جاں بحق ہونے پر رنج و ´غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار ،محاذ آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر، ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ر یشی ،تحریک استقامت چیئرمین غلام نبی وار اور مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ نے اپنے مشترکہ بیان میں دونوں جنگجوﺅںجہانگیر اور کفایت کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان قربانیوںکے بدولت تحریک مزاحمت کا کارواں جاری ہے ۔ اسلامک پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایس او جی اور بھارتی فورسز نے جنوبی کشمیر میں دہشت کا بازار گرم کرکے لوگوں کو خوفزدہ کرنے کے لئے طاقت کا بے تحاشا استعمال کیا ہے ۔دریں اثناء اسلامی تنظیم آزادی چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے کوکرناگ جاکر جاں بحق ہوئے جنگجوﺅں اور عام شہریوں کے لواھقین سے تعزیت پرسی کی۔