مشتاق الاسلام
پلوامہ //پلوامہ میں پچھلے دو سالوں سے قائم سیب صنعت سے وابستہ کاشتکاروں کی مشترکہ انجمن فروٹ گرورس ایسوسی ایشن پلوامہ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس کو تحلیل کردیا گیا ہے جبکہ اگلے الیکشن تک عبوری صدر کو نامزد کرلیا گیا ہے۔فروٹ گرورس سے وابستہ ممبران کا ایک ہنگامی اجلاس ایسوسی ایشن کے صدر دفتر واقع پرچھو پلوامہ میں منعقد ہوا۔فروٹ گرور عبدالسلام بٹ نے کہا کہ پچھلے ایک سال کے دوران اگر پلوامہ فروٹ گرورس ایسوسی ایشن کی کارکردگی سامنے لائی جائے تو وہ انتہائی مایوس کن ثابت ہوئی ہے۔
پلوامہ کے ایک اور تاجر فاروق احمد میر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اصل میں ایسوسی ایشن کی معیاد اگست کے آخر میں پوری ہونی تھی اور ایسوسی ایشن کے آئین شدہ قوانین کے مطابق اگست کے آخر میں سابقہ ایسوسی ایشن کو تحلیل کرکے نئے الیکشن منعقد کرائے جانے تھے لیکن 240 کے قریب صنعتی ارکان کے جزبات کے ساتھ کھلواڑ کرکے ابھی تک الیکشن کی نوٹیفکیشن جاری نہیں کی گئی۔لہذا انجمن سے وابستہ 240 ارکان سابقہ فروٹ گرورس ایسوسی کے صدر پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نئی صدر کو منتخب کررہے ہیں۔
دریں اثنا پلوامہ فروٹ گرورس ایسوسی ایشن قریبا دو گھنٹے بحث و مباحثہ کے بعد سابق صدر جاوید احمد بٹ پر عدم اعتماد کی تحریک منظور کرکے اگلے الیکشن تک شوکت احمد بٹ کو عبوری صدر نامزد کیا گیا ہے۔