سرینگر//جنوبی ضلع پلوامہ کے کاکا پورہ علاقے میں پولیس نے منگل کے روز ایک پرائیویٹ سکول کے استاد کو مبینہ طور مقامی آبادی کو ڈرانے اوردھمکانے والے پوسٹر چسپان کرکے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ کاکا پورہ گندی پورہ کے باشندوں نے ایک شکات درج کرائی جس میں انہوں نے کہا کہ اُن کے علاقے میں لشکراسلام کے پوسٹر چسپان کئے گئے ہیں ۔ ان پوسٹروں پر کچھ لڑکیوں اور سیکورٹی فورسز کے مخبروںکے نام دھمکی آمیز پیغامات درج تھے ۔
پولیس کے مطابق اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر69کے تحت معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔
تحقیقات کے دوران پولیس کے مطابق اس جرم میں ملوث مشتبہ شخص کی شناخت کی گئی۔
پولیس نے مذکورہ ملزم کی شناخت مزمل احمد ڈار ساکن گندی باغ کاکا پورہ کے طور کرتے ہوئے کہا کہ اُس کو گرفتار کیا گیا ہے۔
تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ ملزم کو چند لوگوں کے ساتھ ذاتی رنجش تھی اس لئے اُنہیں بد نام کرنے کیلئے اُس نے جعلی لیٹر پیڈ کا استعمال کرکے مختلف مقامات پر پوسٹر چسپان کرلئے تھے۔
پولیس کے مطابق مذکورہ ملزم پانپور میں قائم ایک پرائیوٹ سکول میں استاد کی حیثیت سے کام کررہا ہے۔