سرینگر//پلوامہ کا ایک وفدکل وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملا اور قصبہ کی ترقیاتی ضروریات سے متعلق مانگیں پیش کیں۔وفد جو اوقاف، ٹریڈرس فیڈریشن اور دیگر سول سوسائٹی گروپوں پر مشتمل تھا، نے ضلع میں ترقیاتی سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے ضلع پلوامہ کے وسیع ملحقہ علاقوں کی طبی ضروریات پوری کرنے کےلئے قصبہ میں زنانہ ہسپتال کے قیام کی بھی مانگ پیش کی اور ضلع ہسپتال میں سی ٹی سکین،ڈائی لیسس وغیرہ سہولیات بہم رکھنے کے لئے بھی وزیر اعلیٰ سے درخواست کی۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ میں تمام خالی پڑی اسامیوں کو پُر کرنے، قصبہ میں ٹریفک کے دباو¿ کو کم کرنے، فلڈ کنٹرول ڈویثرن کو دوسری جگہ منتقل کرنے، دودھی نہر کی کھداوائی، پارکنگ سپاٹوں کو ترقی دینے، کمیونٹی ہالوں، بجلی و پینے کے پانی کی سہولیات کو توسیع دینے، قصبہ میں ذبح خانہ تعمیر کرنے، آگ بجھانے کے جدید ترین آلات نصب کرنے اور پارکوں کو ترقی دینے کی بھی مانگیں پیش کیں۔محبوبہ مفتی نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی مانگیں زیر غور لائی جائیں گی تا کہ ان پر مقررہ مدت کے اندر عمل آوری یقینی بنائی جاسکے۔ڈپٹی کمشنر پلوامہ جی ایم ڈار بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ہاٹ مکس پلانٹ مالکان کا ایک وفد بھی وزیر اعلیٰ سے ملا اور انہیں التواءمیں پڑے واجبات کی ادائیگی اور انہیں ٹھیکہ پر دیئے گئے کاموں کو ایک منظم شکل دینے کی مانگ کی۔وزیر اعلیٰ نے انہیں یقین دلایا کہ ان کی مانگوں کا بغور جائیزہ لے کر انہیں پورا کیا جائے گا۔