پلوامہ+ڈورو+گاندربل // پلوامہ ضلع ہیڈکوارٹر میں شبانہ چھاپوں کے دوران 4افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جن میں ایک نوجوان کے بدلے اسکے چاچا کو گرفتار کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان پتھرائو کرنے میں ملوث ہیں۔یہ چھاپے پلوامہ کے چاٹہ پورہ علاقے میں مارے گئے ۔گرفتار شدگان میں مدثر کمار، اعجاز کمار، نواز احمد اور سنجو گنائی شامل ہیں۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز احمد ایک نوجوان سمیر احمد کا چاچا ہے، جو چھاپے کے دوران فورسز کو چکمہ دے کر بھاگ نکلا۔ چنانچہ سمیر کی جگہ اس کے چاچا کو گرفتار کرلیا گیا ۔اس دوران ڈورو شاہ آباد میں دوران شب دو نوجوانوںکی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔ پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور فوج گلزار احمد ملک ساکن گنڈ نوروز کریری اور ظہور احمد گنائی ساکن جال کریری کو اُس وقت گرفتار کر کے اپنے ساتھ لئے گئے جب مذکورہ نوجوان اپنے اپنے گھروں میںسوئے ہوئے تھے ۔اہل خانہ کے مطابق فورسز اہلکاروں نے دوران شب اُنکے رہائشی گھروں پر چھاپے ڈالکر نوجوانوں کو گرفتار کیا ۔پیشہ سے مزدور دونوں نوجوان دو بچوں کے باپ ہیں ۔ لواحقین نے گرفتاری پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ادھرفورسز نے ناگہ بل گاندربل سے ملحقہ علاقہ کھلہ مولہ کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشیاں لیں۔ کھلہ مولہ کے ریشی محلہ کا سیکورٹی فورسز نے محاصرہ کرکے تلاشیاں لیں۔ کئی گھنٹوں تک پورے علاقے کو محاصرہ میں رکھا گیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔پچھلے تین روز سے دوسری مرتبہ علاقہ کا محاصرہ کیا گیا۔